باجوڑ: 4 سالہ بچی کا ریپ اور قتل، ملزم گرفتار
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پولیس نے 4 سالہ بچی کے ریپ اور قتل کے الزام میں واقعے کے 12 گھنٹے بعد 19 سالہ ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
باجوڑ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقاص رفیق نے اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچی کی لاش ایک روز قبل ایک نالے سے ملی تھی۔
وقاص رفیق کا کہنا تھا کہ لاش کا معائنہ کرنے پر معلوم ہوا کہ اسے قتل کیا گیا ہے، جیسے ہی اطلاع سامنے آئی، تو اپنی زیر نگرانی واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔
باجوڑ پولیس چیف کے مطابق پوسٹ مارٹم سے تصدیق ہوئی کہ قتل کرنے سے پہلے بچی کا ریپ کیا گیا تھا۔
وقاص رفیق نے وضاحت کی کہ ہم نے رات بھر کام کیا، ہیومن انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے علاقے کی پروفائلنگ کی، ان معلومات کو استعمال کر کے ہم ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
مرکزی ملزم نے پوچھ گچھ کے دوران جرم کا اعتراف جرم کر لیا ہے۔
وقاص رفیق کا کہنا تھا کہ ملزم نے بچی کو کھانے کا لالچ دے کر ریپ کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں گلا دبا کر قتل کر دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کو ملزم کے موبائل فون سے چائلڈ پورنوگرافی کی ویڈیو بھی ملی، جسے بطور ثبوت فرانزک تجزیہ کے لیے بھیج دیا گیا۔
پولیس چیف نے بتایا کہ ملزم قریبی رشتہ دار نکلا۔