لاہور: کرکٹ میچز میں جوا چلانے والے اڈوں کےخلاف کارروائی، 100 ملزمان گرفتار
لاہور پولیس نے کرکٹ میچز میں جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ہفتے کے دوران 100 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ 21 مقدمات بھی درج کرلیے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے داؤ پر لگی ایک لاکھ 85 ہزار روپے سے زائد کی رقم بھی برآمد کرلی گئی۔
رواں سال قمار بازی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 613 ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں، مجموعی طور پر 157 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق 2025 کے ایک ماہ اور 24 دن کے دوران ملزمان کے قبضے سے 35 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد کی رقم ریکور کی گئی ہے۔
کیپیٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جوئے کے خاتمے کے لیے بھر پور کارروائیاں جاری ہیں، جوئے کے اڈوں اور آن لائن جوئے کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں، آن لائن گیمبلنگ کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھر پور مدد لی جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آن لائن گیمبلنگ کی ترغیب دینے والی سوشل میڈیا اپلیکیشنزپربھی کڑی نظر رکھی جائے، جوا ایک سماجی لعنت ہے، اس کے خاتمے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔