• KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:54pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:20pm
  • KHI: Zuhr 12:45pm Asr 4:54pm
  • LHR: Zuhr 12:16pm Asr 4:17pm
  • ISB: Zuhr 12:21pm Asr 4:20pm

ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 10 خارجی دہشت گرد ہلاک

شائع February 24, 2025 اپ ڈیٹ February 25, 2025 09:36am
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے جنرل ایریا باغ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 10 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر ضلع خیبر میں کارروائی کی گئی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپریش کے دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گرد ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 10 خارجی دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع خیبر کے جنرل ایریا باغ میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے جب کہ فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

ایک روز قبل، آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

گزشتہ ہفتے سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جینس بیسڈ کارروائی میں 30 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے 2022 میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد سے دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کی گئی سیکیورٹی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 2024 میں دہشت گرد حملوں کی تعداد 2014 یا اس سے پہلے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ 2014 کی طرح دہشت گرد اب پاکستان کے اندر مخصوص علاقوں پر کنٹرول نہیں رکھتے لیکن خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں موجودہ عدم تحفظ ’تشویشناک‘ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں ریکارڈ کیے گئے 95 فیصد سے زیادہ دہشت گرد حملے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہوئے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 25 فروری 2025
کارٹون : 24 فروری 2025