’ڈی بیئرز‘ نے قیمتی ہیروں اور جواہرات کو پرکھنے کیلئے مشین متعارف کروا دی
قدرتی ہیروں کی فروخت کو برقرار رکھنے کے لیے صنعت کی بڑی کمپنی ’ڈی بیئرز‘ نے قیمتی ہیروں کو پرکھنے، لیبارٹری میں تیار کردہ جواہرات میں فرق کرنے کے لیے ویریفکیشن ڈیوائس متعارف کروا دی۔
ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ڈی بیئرز نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ’ڈائمنڈ پروف‘ ڈیوائس کا مقصد اربوں سال قبل زمین کے اندر بنے قیمتی پتھروں کی صداقت کی تصدیق کرنا ہے، یہ ڈیوائس ایسے وقت میں سامنے لائی گئی ہے جب ڈائمنڈ انڈسٹری کو سخت مسابقت اور گرتی ہوئی قیمتوں کا سامنا ہے۔
ڈی بیئرز نے کہا کہ امریکا میں خوردہ فروشوں کے لیے دستیاب ’بلیک اسکینر‘ جیسی مشین قدرتی ہیروں کی مختلف کیمیائی ساختوں کا پتا لگاتی ہے۔
ہیرے کی صنعت کے تجزیہ کار ایڈہن گولان نے کہا کہ قدرتی ہیرے کی صنعت لیبارٹری میں تیار کردہ جواہرات سے الگ کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے، جو سستے ہیں اور ان کی پیداوار میں صرف چند ہفتے لگتے ہیں۔
ایڈہن گولان نے کہا کہ اس ڈیوائس کا متعارف کرایا جانا ہیرے کی صنعت میں مارکیٹنگ، قیمتوں اور صارفین کی آگاہی کے ذریعے خود کو زوال پذیری سے نکالنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
کووڈ 19 کے بعد سے ہیروں کی فروخت بحال ہونے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، خاص طور پر چین میں ہیروں کی خریداری میں کمی دیکھی گئی ہے۔