چیمپئنز ٹرافی کے دوران میدان میں تماشائی داخل ہونے کا واقعہ دوبارہ نہیں ہو گا، پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچ کے دوران ایک تماشائی کے میدان میں داخل ہونے پر سیکیورٹی کی خلاف ورزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔
دنیا بھر میں کرکٹ اور دیگر کھیلوں میں اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں سے ذاتی طور پر ملنے کے لیے شائقین کی جانب سے میدان میں جانے کے واقعات عام ہیں۔
راولپنڈی میں میچ کے دوران ایک مداح فیلڈ میں داخل ہوا اور نیوزی لینڈ کے کھلاڑی راچن رویندر کو گلے لگانے کی کوشش کی۔
فیلڈ میں داخل ہونے والے شخص نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کی تصویر اٹھا رکھی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم نے سیکیورٹی بریچ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے، یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب ایک تماشائی میدان میں داخل ہوا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
پی سی بی کے مطابق ایک ذمہ دار تنظیم کی حیثیت سے ہم نے مقامی سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ کیا ہے، جو اب فیلڈ کے اطراف تمام مقامات پر مزید سیکیورٹی بڑھائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث شخص کو گرفتار کرکے کورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے، جبکہ مذکورہ شخص کے کسی بھی پاکستانی اسٹیڈیم میں داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے پی سی بی سیکیورٹی اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر سیکیورٹی پروٹوکول کا جائزہ لے رہا ہے۔
میچ کے بعد ڈان کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے راچن رویندر نے کہا تھا کہ انہیں امید ہے کہ پاکستان کے باہر ہونے کے بعد ان کی ٹیم ٹورنامنٹ کے بقیہ میچوں کے لیے شائقین کی پسندیدہ ٹیم کے طور پر ابھرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کا کراؤڈ ہمارے لے بہت اچھا رہا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلتے ہوئے اچھے کراؤڈ کا اثر کھیل پر بھی پڑتا ہے، جس سے یقینی طور پر ہر میچ کا ماحول بہتر ہوتا ہے۔
فیلڈ میں داخل ہونے کے کچھ ہی دیر بعد ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے مذکورہ شخص کو میدان سے باہر نکال دیا تھا۔
جس کے بعد میچ جاری رہا اور راچن رویندر نے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کے نتیجے میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
جبکہ اسی کے ساتھ میزبان ٹیم پاکستان کو بھی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔
2017 میں چیمپئنز ٹرافی کا پچھلا ایڈیشن جیتنے والی پاکستان کو 1996 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد پہلے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ میں نیوزی لینڈ اور پھر بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
فیلڈ میں داخل ہونے والے شخص کیخلاف ایف آئی آر درج
دریں اثنا، میچ کے دوران گراؤنڈ میں داخل ہونے والے تماشائی کے خلاف نیو ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمہ اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نیو ٹاؤن انوار الحق کی مدعیت میں درج کیا گیا، ایف آئی آر باہتر ضلع اٹک کے رہائشی عبدالقیوم نامی شہری کے خلاف درج کیا گیا۔
متن مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے جان بوجھ کر سیکیورٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، ملزم یاسر عرفات انکلوژر کی جانب سے گراؤنڈ میں داخل ہوا۔
نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش میچ میں کرکٹ اسٹیڈیم میں تماشائی کے داخل ہونے کے معاملے میں سول جج عمران قریشی نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ جیل بھجوانے کی درخواست مسترد کر دی۔
تفتیشی آفیسر کا کہنا تھا کہ ملزم نے سخت سیکیورٹی حصار توڑ کر قانون شکنی کی ہے، جیل بھیجا جائے، تاہم عدالت نے ملزم عبدالقیوم کو 50 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ اگر ملزم مچلکے داخل نہیں کراتا تو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے، ملزم کے خلاف ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات قابل ضمانت ہیں۔
عدالت کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ کی سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی گئی اور پولیس کو چالان پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔