• KHI: Maghrib 6:33pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 5:58pm Isha 7:19pm
  • ISB: Maghrib 6:02pm Isha 7:25pm
  • KHI: Maghrib 6:33pm Isha 7:49pm
  • LHR: Maghrib 5:58pm Isha 7:19pm
  • ISB: Maghrib 6:02pm Isha 7:25pm

پختونخوا حکومت میں شامل رہنماؤں کو پی ٹی آئی کے عہدے چھوڑنے کی ہدایت

شائع February 26, 2025
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جنہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جنہیں پارٹی سے نکال دیا گیا ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

خیبر پختونخوا حکومت میں سرکاری عہدوں پر فائز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو صوبے میں پارٹی کی تنظیم نو کے لیے اپنے عہدوں سے دستبردار ہونا پڑے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کا اعلان پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے منگل کو جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد کیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ فیصلہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کو پارٹی کی تنظیم نو کے لیے بااختیار بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ جنید اکبر کو وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی جگہ کے پی میں پارٹی کا صدر بنایا گیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور جن لوگوں کو پارٹی سے نکالا گیا ہے، ان کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

یہ واضح طور پر شیر افضل مروت اور فواد چوہدری کی طرف اشارہ تھا جنہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں 26ویں آئینی ترمیم پر ووٹنگ کے دوران پارٹی قیادت سے رابطہ نہ رکھنے والوں سے ذاتی طور پر باز پرس کی جائے گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو پارٹی رہنماؤں کے حالیہ دورہ سندھ کے بارے میں بریفنگ دی، سلمان اکرم راجا نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے لڑتے رہنے کا عہد کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی کو جیل میں ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، اور انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ عمران خان کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی میں شکست پر عمران خان افسردہ

اگرچہ پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سیل میں بجلی کی سہولت نہیں، لیکن سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اور کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف شکست پر بہت افسردہ ہیں۔

عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی نے پی ٹی وی پر میچ دیکھا اور وہ بہت مایوس ہوئے۔

’مریم نواز کی پرورش، خطرناک رجحان‘

دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے حکومت کی جانب سے اخراجات کے لیے، لیے گئے قرض کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوامی وسائل کو ضائع کر رہی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ’پرورش اور تربیت‘ کی جا رہی ہے اور انہیں قوم پر مسلط کیا جائے گا، یہ عمل ملک کو سیاسی، معاشی اور سماجی عدم استحکام کی طرف لے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ماضی میں بھی اس طرح کے تجربات کی بھاری قیمت چکا چکا ہے اور عوام اب ایسے کسی بھی تجربے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے قوم کو بیدار کیا اور باشعور عوام کو ڈرانے دھمکانے، جبر یا جابرانہ ہتھکنڈوں سے خاموش نہیں کرایا جاسکتا۔

کارٹون

کارٹون : 27 فروری 2025
کارٹون : 26 فروری 2025