محکمہ جنگلی حیات کی جھنگ اور تونسہ میں کارروائیاں، 5 نایاب آبی پرندے، ریچھ آزاد کرالیا
محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی ٹیموں نے جھنگ اور تونسہ بیراج کے علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے نایاب نسل کے 5 آبی پرندوں، اور ریچھ کو غیر قانونی قبضے سے آزاد کروالیا۔
ڈان نیوز کے مطابق نایاب نسل کے 5 آبی پرندوں (نیل بلائی) کو دریائے سندھ کے اپ اسٹریم میں آزاد کر دیا گیا، ملزمان سے غیر قانونی شکار میں استعمال کیا جانے والا سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
محکمہ جنگلی حیات پنجاب کی ٹیم نے ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کرکے، چالان تیار کر کے عدالت میں پیش کر دیا۔
پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے محکمہ جنگلی حیات کی چھاپہ مار ٹیم کے افسران اور عملے کو شاباش دی۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی شکار کرنے اور جنگلی جانوروں کو تحویل میں رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، شہریوں سے گزارش ہے جنگلی حیات کے تحفظ کی صوبائی حکومت کی کوششوں میں ساتھ دیں، اور کسی غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں، بصورت دیگر کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔