کراچی: مختلف علاقوں میں سحر وافطار کے وقت گیس کی فراہمی معطل، شہریوں کو مشکلات
کراچی کے مختلف علاقوں میں سحر اور افطار کے وقت گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقوں عزیز آباد، حسین آباد، دستگیر، واٹر پمپ، انچولی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، اور گلزار ہجری میں گیس کی بندش کے باعث خواتین کو پہلی سحری اور افطاری بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے اراکینِ قومی اسمبلی نے شہر میں سحر و افطار کے اوقات میں گیس کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ایم کیو ایم اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ماہ صیام کے پہلے روز ہی گیس کی بندش نے سوئی گیس کمپنی کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے جب کہ گیس کی عدم دستیابی نے سفید پوش گھرانوں کو بنا سحری روزہ رکھنے پر مجبور کردیا۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے نام پر توانائی فراہم کرنے والی کمپنیوں نے عوام کو پریشان کرنا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے لیکن گیس کی عدم فراہمی کے باوجود ہر ماہ بلوں میں اربوں روپے کا اِضافہ بھی ہو جاتا ہے۔