کراچی: رمضان میں پہلے روز گراں فروشی پر 15 لاکھ سے زائد جرمانہ، 14 افراد گرفتار
کراچی کی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے پہلے روز گراں فروشی پر 15 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے 14 افراد کو گرفتار کیا جب کہ 18 دکانیں سیل کی گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے روز قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جب کہ 14 مبینہ ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کیا گیا اور 18 دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا۔
کمشنر کراچی نے اپنے دفتر میں شکایتی سیل بھی قائم کررکھا ہے، اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہری گراں فرشی کی شکایت درج کرائیں اس سے ماہ رمضان میں گراں فروشی کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
کمشنر کراچی نے ہدایت کی ہے کہ ڈپٹی کمشنرز سرکاری نرخ سختی سے نافذ کریں اور گراں فروشی پر جرمانہ اور گرفتاری کریں۔
شہری انتظامیہ نے جمعہ کے روز ماہ مقدس کی آمد پر گوشت سمیت دیگر خوردنی اشیا کی نئی قیمتیں مقرر کیں جس پر عمل درآمد حکام کے لیے ایک چینلج بن گیا ہے جو بیف اور مٹن جیسے متعدد ضروری اشیا کے پہلے سے مقرر کردہ قیمتوں کو اب تک مکمل طور پر نافذ نہیں کرسکے ہیں۔
انتظامیہ نے بغیر ہڈی والے گائے کے گوشت کی قیمت 950 روپے فی کلو اور ہڈی والے گوشت کی قیمت 750 روپے فی کلو مقرر کی ہے۔
اس طرح، بغیر ہڈی والے بچھڑے کے گوشت کی قیمت 1150 روپے فی کلو اور ہڈی والے گوشت کی قیمت ایک ہزار روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
اتوار کے روز جاری پریس ریلیز کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے ماہ صیام کے پہلے روز قیمتوں میں اضافے پر مجموعی طور پر 15 لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ 14 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 18 دکانیں سیل کی گئیں۔
ضلع جنوبی کراچی میں 6 لاکھ 92 ہزار روپے، ضلع شرقی میں 4 لاکھ 71 ہزار روپے، کورنگی میں 2 لاکھ 96 ہزار روپے، ضلع وسطی میں 19 ہزار روپے، کیماڑی میں 28 ہزار اور ضلع غربی میں 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گراں فروشی پر 6 کو کیماڑی سے جب کہ دیگر 8 کو کورنگی سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ ضلع غربی میں 3 دکانوں کے ساتھ کورنگی میں 15 دکانوں کو سیل کیا گیا۔
کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ناجائز منافع خوروں سے سختی سے نمٹا جائے اور اس میں کسی کو رعایت نہ دی جائے، جو بھی حکومتی نرخوں کی خلاف ورزی کرے گا اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے یا گرفتار کیا جائے۔