• KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 4:22pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 4:26pm
  • KHI: Zuhr 12:44pm Asr 4:57pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 4:22pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 4:26pm

ٹرمپ کی جانب سے ’امریکی کرپٹو ریزرو‘ کا اعلان، کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں میں اضافہ

شائع March 3, 2025
اس سے قبل امریکی کرپٹو ریزرو کی کرنسیوں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا تھا — فائل فوٹو:
اس سے قبل امریکی کرپٹو ریزرو کی کرنسیوں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا تھا — فائل فوٹو:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ طور پر امریکی کرپٹو اسٹریٹجک ریزرو میں شامل کیے جانے والے 5 ڈیجیٹل اثاثوں (کرپٹو کرنسیوں) کے ناموں کا اعلان کر دیا، جس کے بعد ان اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو میں اچانک اضافہ ہوگیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ’ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق جنوری کے ایگزیکٹو آرڈر سے بٹ کوائن، ایتھر، ایکس آر پی، ایس او ایل (سولانا) اور اے ڈی اے (کارڈانو) سمیت کرنسیوں کا ذخیرہ رکھیں گے، اس سے قبل ان کرنسیوں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا تھا، اتوار کے روز کاروبار کے دوران یہی ڈیجیٹل اثاثوں کی قیمتوں میں 8 سے 62 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ان کے حکم نامے میں صدارتی ورکنگ گروپ کو ایک کرپٹو اسٹریٹجک ریزرو پر آگے بڑھنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس میں ایکس آر پی، ایس او ایل (سولانا) اور اے ڈی اے (کارڈانو) شامل ہیں، میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ امریکا دنیا کا کرپٹو دارالحکومت ہو۔’

ایک گھنٹے سے زیادہ وقت کے بعد، ٹرمپ نے ایک اور پوسٹ شامل کی اور لکھا کہ ’ظاہر ہے کہ دیگر قیمتی کرپٹو کرنسیوں کی طرح بٹ کوائن اور ایتھر امریکی کرپٹو ریزرو کا مرکز ہوں گی۔‘ اس پیغام کے ساتھ ہی بٹ کوائن کی مارکیٹ ویلیو فوری 8 فیصد اضافے کے ساتھ 90 ہزار 828 ڈالر تک جاپہنچی، جبکہ دوسری سب سے بڑی کرپٹو کرنسی ایتھر 8.3 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 409 ڈالر پر بند ہوئی۔

ریپبلکن صدر نے 2024 کے انتخابات میں کرپٹو صنعت کی حمایت حاصل کی تھی اور وہ تیزی سے اپنی پالیسی ترجیحات کی حمایت حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھے ہیں، ان کے ڈیموکریٹک پیشرو جو بائیڈن کے دور میں ریگولیٹرز نے امریکیوں کو دھوکا دہی اور منی لانڈرنگ سے بچانے کے لیے اس صنعت کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا۔

تاہم حالیہ ہفتوں میں کرپٹو کرنسی کی قیمتوں میں تیزی سے کمی ہوئی ہے، اور ٹرمپ کی انتخابات میں کامیابی کے بعد کچھ بڑی ڈیجیٹل کرنسیوں کی بڑھنے والی قیمت تیزی سے نیچے چلی گئی، جس سے صنعت میں دیکھا جانے والا جوش و خروش ماند پڑگیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کو اوپر جانے کے لیے ’وجہ‘ کی ضرورت ہے، جیسے اشارے کہ امریکی فیڈرل ریزرو شرح سود میں کمی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، یا ٹرمپ انتظامیہ کی طرف سے ایک واضح کرپٹو پرو ریگولیٹری فریم ورک۔ ٹرمپ جمعے کو وائٹ ہاؤس کے پہلے کرپٹو سمٹ کی میزبانی کر رہے ہیں، ان کی فیملی نے اپنے کوائن بھی لانچ کیے ہیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ نیا ذخیرہ کس طرح قائم کیا جائے گا یا کام کیا جائے گا۔

تجزیہ کار اور قانونی ماہرین اس بات پر منقسم ہیں کہ آیا کانگریس کا کوئی اقدام ضروری ہوگا یا نہیں، کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ ریزرو امریکی خزانہ کے ایکسچینج اسٹیبلائزیشن فنڈ کے ذریعے پیدا کیا جا سکتا ہے، جسے غیر ملکی کرنسیوں کی خرید و فروخت کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمپ کے کرپٹو گروپ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں ضبط کی گئی کرپٹو کرنسیوں کے ساتھ ممکنہ طور پر ذخیرہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

اعلان کے بعد بٹ کوائن 5 بار مہنگی ہوئی

پیر کے روز بٹ کوائن کی قیمت گزشتہ ہفتے کی کم ترین سطح کے مقابلے میں پانچ بار بڑھتی ہوئی دیکھی گئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئے امریکی اسٹریٹجک ریزرو میں شامل کی جانے والی کرنسیوں کا نام لیے جانے کے بعد کئی دیگر کرپٹو کرنسیوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق جنوری کے ایگزیکٹو آرڈر سے بٹ کوائن، ایتھر، ایکس آر پی، سولانا اور ایڈا سمیت کرنسیوں کا ذخیرہ پیدا ہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی کرپٹو ریزرو کی کرنسیوں کے ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 مارچ 2025
کارٹون : 3 مارچ 2025