بلوچستان: قلات میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا، ایک اہلکار شہید
بلوچستان کے ضلع قلات میں قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کارپس (ایف سی) کا ایک اہلکار شہید جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق حملہ قومی شاہراہ پر قلات کے علاقے مغل زئی کے قریب ہوا۔
ڈپٹی کمشنرقلات بلال شبیر نے بتایا کہ دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید اور دیگر 4 سپاہی زخمی ہوگئے، مزید بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خودکش حملہ آور خاتون تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے بعد طبی امداد دی جارہی ہے، مزید بتایا کہ دھماکا اس وقت ہوا جب مڈوے کے قریب سیکیورٹی فورسز کا قافلے گزر رہا تھا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید اہلکار عطا اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا، اور ان کے اہلہ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزارت داخلہ کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا کہ محسن نقوی نے حکم دیا کہ حملے میں زخمی ہونے والے 4 ایف سی اہلکاروں کو علاج و معالجے کی بہترین خدمات فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع خضدار میں گاڑی پر فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے 2 رہنما جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا تھا کہ مقتولین میں غلام سرور اور مولوی امان اللہ شامل ہیں، جے یو آئی رہنماؤں کو سوراب سے واپسی پر تراسانی میں گاڑی پرگھات لگا کر نشانہ بنایا گیا، واقعےمیں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں، انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے۔