وزیراعظم کا افراط زر میں مسلسل کمی پر اظہار اطمینان، مزید کمی کیلئے پرامید
وزیراعظم شہباز شریف نے کنزیومر پرائس انڈیکس کے حوالے سے افراط زر میں مسلسل کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کی افراط زر فروری میں 1.5 فیصد پر آگئی جو کہ ستمبر 2015 کے بعد سب سے کم شرحِ افراط زر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جولائی 2024 سے فروری 2025 تک افراط زر کی اوسط 5.9 فیصد تک رہی جب کہ پچھلے مالی سال میں اسی عرصہ میں یہ اوسط 28 فیصد تھی۔
وزیراعظم نے حکومت کی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کنزیومر پرائس انڈیکس کے حوالے سے افراط زر میں کمی اچھی خبر ہے، معاشی اعشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتر ہو رہے ہیں، معیشت میں مسلسل بہتری مستعد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میکرو اکنامک معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے، قوی امید ہے کہ افراط زر میں مزید کمی ہو گی، عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
بروکریج فرم ٹاپ لائنز سیکیورٹیز نے نوٹ کیا کہ پاکستان میں کنزیومر پرائس انڈیکس سے پیمائش کردہ مہنگائی فروری 2025 میں 1.5 فیصد رہی، جو 113 مہینے کی کم ترین شرح ہے۔