جرمنی: تیز رفتار کار ہجوم پر چڑھ گئی، ایک شخص ہلاک
جرمنی کے شہر مین ہائیم میں ایک کار لوگوں کے ہجوم میں چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ پولیس ترجمان نے بتایا کہ کار کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا اس کیس کے دیگر مشتبہ افراد ہیں یا نہیں۔
پولیس نے شہریوں سے درخواست کی کہ علاقے میں جانے سے پرہیز کیا جائے۔
یہ واقعے ایسے وقت میں پیش آیا، جب کارنیول سیزن کے موقع پر پریڈ کے لیے مغربی جرمنی کے رائن لینڈ شہروں میں ہجوم جمع ہوا۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ ایک سیاہ رنگ کی ایس یو وی تیز رفتاری سے لوگوں کے ایک گروپ پر چڑھ گئی، جو مرکزی پیراڈپلاٹز اسکوائر سے شہر کے تاریخی واٹر ٹاور کی طرف سفر کر رہے تھے۔
جرمنی میں حالیہ ہفتوں میں ہونے والے پُرتشدد حملوں کے بعد سیکیورٹی باعث تشویش رہی ہے، جس میں دسمبر 2024 میں میگڈےبرگ اور گزشتہ ماہ میونخ میں کاروں کے تصادم کے علاوہ مئی 2024 میں مین ہائیم میں چاقو مارنے کا واقعہ بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک گروپ سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے کولون اور نیورمبرگ میں ہونے والے واقعات سے متعلق پوسٹس کے بعد پولیس اس سال کی کارنیوال پریڈ کے لیے ہائی الرٹ ہے۔