• KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:20am
  • ISB: Fajr 5:04am Sunrise 6:26am
  • KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:20am
  • ISB: Fajr 5:04am Sunrise 6:26am

تمام اسرائیلی یرغمالی رہا کرو ورنہ حماس کا کوئی رکن نہیں بچے گا، ٹرمپ کی آخری وارننگ

شائع March 6, 2025
ٹرمپ نے کہا کہ حماس دانشمند فیصلہ کرے، یرغمالیوں کو رہا کرے، ورنہ بعد میں سخت قیمت ادا کرنا پڑے گی! — فوٹو: اے ایف پی
ٹرمپ نے کہا کہ حماس دانشمند فیصلہ کرے، یرغمالیوں کو رہا کرے، ورنہ بعد میں سخت قیمت ادا کرنا پڑے گی! — فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حماس کو آخری وارننگ دیتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ اگر تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا نہ کیا تو اس کی بڑی قیمت چکانا پڑے گی۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ نے حال ہی میں جنگ بندی کے معاہدے کے تحت رہا ہونے والے یرغمالیوں کے گروپ سے ملاقات کی، اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں حماس کے خلاف نئی دھمکی جاری کی۔

امریکی صدر نے مطالبہ کیا کہ حماس تمام یرغمالیوں کو ابھی رہا کرے اور مرنے والوں کی باقیات بھی واپس کرے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اسرائیل کو وہ سب کچھ بھیج رہا ہوں جو اسے اپنا کام مکمل کرنے کے لیے درکار ہے، اگر میرے کہنے کے مطابق کام نہ ہوا تو حماس کا ایک بھی رکن محفوظ نہیں رہے گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اس کے علاوہ غزہ کے لوگوں کے لیے ایک خوبصورت مستقبل انتظار کر رہا ہے، لیکن اگر لوگوں کو یرغمال بنانے کا سلسلہ جاری رہا تو آپ مارے جاؤ گے، ایک دانشمند فیصلہ کرو، یرغمالیوں کو ابھی رہا کرو، ورنہ بعد میں اس کی سخت قیمت ادا کرنا پڑے گی!‘

امریکی صدر کی جانب سے یہ انتباہ 20 جنوری کو وائٹ ہاؤس میں واپسی سے قبل ان کی ’مشرق وسطیٰ کو جہنم بنانے کی دھمکی‘ کی عکاسی کرتا ہے، جس کے بعد جنوری کے وسط میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کا معاہدہ طے پایا تھا جس کا کریڈٹ انہوں نے اس وقت کے صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے سے پہلے لیا تھا۔

جنگ بندی مصر، قطر، امریکا کی مشترکہ ذمہ داری

مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالاتی نے قطر نیوز ایجنسی (کیو این اے) کو بتایا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر زور دینا مصر، قطر اور امریکا کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

الجزیرہ کے مطابق عبدالاتی نے ’کیو این اے‘ سے گفتگو میں کہا کہ مصر اور قطر کی ریاست کی مخلصانہ مشترکہ کوششیں گزشتہ جنوری میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب رہیں جس کے 3 مراحل ہیں، پہلے مرحلے پر اب تک عمل درآمد کیا جا چکا ہے، جبکہ اب ایک فریق اپنی ذمہ داریوں سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل بھی جنگ بندی کے مراحل مکمل کرنے کا پابند ہے، مصر اور قطر معاہدے کی تکمیل کے لیے امریکا پر انحصار کر رہے ہیں۔

مصر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم متعدد یرغمالیوں کو رہا کروانے میں کامیاب ہوئے اور اب بھی یہ کوشش جاری رہنی چاہیے، تمام یرغمالیوں کی رہائی تک دوسرے اور تیسرے مرحلے پر عمل درآمد ہونا چاہیے، فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا جانا چاہیے اور امداد غزہ تک بھی پہنچنی چاہیے۔

اسرائیلی وزیر خزانہ بیزل سموٹریچ واشنگٹن میں موجود

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ بیزل سموٹریچ امریکی محکمہ خزانہ کے حکام سے ملاقات کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں۔

ایکس پر ایک پوسٹ میں بیزل سموٹریچ نے لکھا کہ ’گزشتہ 4 سال، جن میں بائیڈن انتظامیہ کے تحت، امریکی محکمہ خزانہ اور اسرائیلی حکومت کے درمیان وزارتی سطح کا کوئی اجلاس نہیں ہوا تھا، اب ہم ایک انتہائی اہم اجلاس کے لیے امریکی محکمہ خزانہ میں داخل ہو رہے ہیں۔‘

انہوں نے صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اسرائیل کی ریاست کی واضح حمایت کی اور وہ ہمیں مکمل حمایت دے رہے ہیں، ملاقات میں حکام امریکا اور اسرائیل کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 9 مارچ 2025
کارٹون : 8 مارچ 2025