• KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:58pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 4:24pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 4:27pm
  • KHI: Zuhr 12:43pm Asr 4:58pm
  • LHR: Zuhr 12:14pm Asr 4:24pm
  • ISB: Zuhr 12:19pm Asr 4:27pm

سرحد پر افغان فورسز کے ساتھ جھڑپیں جاری، پاکستانی شہری زخمی

شائع March 6, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بدھ کو مسلسل تیسرے روز بھی پاکستان اور افغانستان کی سرحدی سیکیورٹی فورسز کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری زخمی اور کچھ مکانات کو نقصان پہنچا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرحدی علاقے کے شہری ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ باچا مینا کے رہائشی اسحٰق خان کو افغانستان کی جانب سے فائر کیے جانے والے مارٹر گولے کی زد میں آنے سے چوٹیں آئیں، تاہم نوعیت کے لحاظ سے وہ زیادہ جان لیوا نہیں تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی کو پہلے لنڈی کوتل ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں پشاور کے ہسپتال ریفر کردیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مارٹر گولوں سے متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دونوں طرف سے استعمال ہونے والے بھاری ہتھیاروں نے زیادہ تر پہاڑی چوٹیوں پر واقع چوکیوں اور دونوں طرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ افغان سائیڈ پر کچھ عمارتیں بھی تباہ ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منگل کی رات دیر گئے توپیں خاموش ہوگئی تھیں، تاہم فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ بدھ کی دوپہر کو دوبارہ شروع ہوا اور شام تک جاری رہا۔

دریں اثنا، جماعت اسلامی کے رہنما شاہ فیصل آفریدی نے دونوں مسلم پڑوسیوں سے فوری طور پر طورخم پر لڑائی بند کرنے اور مسئلے کے حل کے لیے بات چیت کا مطالبہ کیا ہے۔

بدھ کو لنڈی کوتل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ فیصل آفریدی نے اصرار کیا کہ طورخم بارڈر پر طاقت کا استعمال خطے کے اجتماعی امن کے لیے اچھا شگون نہیں ہے، کیونکہ سرحد کے دونوں جانب مسلمان پشتون ہی سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے بگڑتی ہوئی صورتحال پر خاموشی اختیار کرنے پر مسلم لیگ (ن) کی زیرقیادت وفاقی اور پی ٹی آئی کی زیرقیادت صوبائی حکومتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور تنازع کے خاتمے کے لیے بامعنی مذاکرات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر پر کشیدگی تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے لیے ذہنی دباؤ کا باعث بن رہی ہے، جو بارڈر کی مسلسل اور بار بار بندش سے بھاری نقصان اٹھا رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 مارچ 2025
کارٹون : 6 مارچ 2025