نیپرا نے مسلسل دوسرے ماہ بھی کراچی کو ماہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں مکمل ریلیف نہیں دیا
نیپرا نے کراچی کو مسلسل دوسرے ماہ ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے مکمل ریلیف سے محروم کردیا، کے الیکٹرک کی 4 روپے 95 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست پر کراچی کے شہریوں کو 3 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق نیپرا نے گزشتہ روز کے الیکٹرک صارفین کے لیے 3 روپےفی یونٹ کمی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔
نیپرا نےبجلی کی قیمت میں کمی کا یہ نوٹی فکیشن دسمبر 2024 کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت جاری کیا تھا۔
تاہم نیپراکی ورکنگ کے مطابق دسمبر کی ایڈجسٹمنٹ میں 5 روپےفی یونٹ کمی بنتی تھی، صارفین کو مزید 2 روپے فی یونٹ کمی منتقل نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ نومبر کی ایڈجسٹمنٹ میں بھی 5 روپے کمی بنتی تھی تاہم 1.23 روپے فی یونٹ کمی کی گئی تھی، کے الیکٹرک نے نومبر کی ایڈجسٹمنٹ میں 4 روپے98 پیسے فی یونٹ کی کمی مانگی تھی۔
نومبر کی ایڈجسٹمنٹ پر ممبر ٹیرف نیپرا مطہر نیاز رانا نے اختلافی فیصلہ بھی دیا تھا، ممبر ٹیرف نیپرا نے کے الیکٹرک صارفین کوپورا ریلیف نہ دینےکی مخالفت کی تھی۔
ممبر ٹیرف نیپرا نے کہا تھا کہ ’کے الیکٹرک‘ کے لیے نومبر کی اصل ایڈجسٹمنٹ 5 روپے کمی بنتی تھی۔