• KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • KHI: Asr 4:59pm Maghrib 6:40pm
  • LHR: Asr 4:27pm Maghrib 6:09pm
  • ISB: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm

ریڈٹ کے شریک بانی بھی ٹک ٹاک خریداری کی دوڑ میں شامل

شائع March 7, 2025
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

سوشل نیوز شیئرنگ ویب سائٹ ریڈٹ کے شریک بانی الیکسس اوہانین بھی شارٹ ویڈیو ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز خریدنے کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔

الیکسس اوہانین امریکی ارب پتی فرانک مکورٹ کے ہمراہ ٹک ٹاک خریدیں گے جو پہلے ہی ٹک ٹاک کی بولی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانک مکورٹ نے تصدیق کی کہ ان کی جانب سے ٹک ٹاک کو خریدنے کی ڈیل میں الیکسس اوہانین بھی ان کے ساتھ شامل ہوچکے ہیں۔

دونوں نے ٹک ٹاک خریداری کے لیے وائٹ ہاؤس کو اپنی تفصیلات بھجوادیں، جہاں دیگر خریداروں نے بھی اپنی تفصیلات بھجوائی ہیں۔

امریکی حکومت نے قانون بنا رکھا ہے کہ ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو کمپنی کسی بھی امریکی فرد یا کمپنی کو فروخت کرے، دوسری صورت میں ایپ پر امریکا میں پابندی عائد کردی جائے گی۔

قانون کے تحت امریکا میں ٹک ٹاک پر 19 جنوری 2025 کو پابندی عائد ہوگئی تھی لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایپ کی پابندی 75 دن تک منسوخ کردی تھی۔

اب ٹک ٹاک کو ہر حال میں امریکی آپریشنز کو آئندہ ماہ اپریل تک کسی بھی امریکی فرد یا کمپنی کو فروخت کرنے ہوں گے۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دے رکھا ہے کہ ٹک ٹاک کی فروخت کی ڈیل نہ ہوپانے کی صورت میں وہ اس پر پابندی کو منسوخ کرنے کی مدت دوبارہ بھی بڑھا سکتے ہیں۔

ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو خریدنے کے لیے متعدد کاروباری ادارے اور ارب پتی افراد دوڑ میں شامل ہیں جب کہ ایلون مسک نے واضح کیا ہے کہ وہ ٹک ٹاک کو خریدنے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

ٹک ٹاک کو مائیکرو سافٹ اور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ سمیت دیگر افراد اور ادارے خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور زیادہ تر نے اپنی بولیوں کی تفصیلات وائٹ ہاؤس کو بھجوا دی ہیں۔

ٹک ٹاک کی فروخت امریکی صدارتی ہاؤس کے ذریعے ہونے کا امکان ہے، تاہم کسی بھی کمپنی یا فرد کو فروخت کے لیے ٹک ٹاک کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کی رضامندی ضروری ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 12 مارچ 2025
کارٹون : 11 مارچ 2025