پیرس: دوسری جنگ عظیم کا 500 کلو وزنی بم ملنے پر ریلوے ٹریفک معطل، ہزاروں مسافر پھنس گئے
پیرس کے باہر پٹریوں کے قریب دوسری جنگ عظیم کا 500 کلو گرام وزنی بم ملنے کے بعد فرانس کے دارالحکومت میں ریلوے ٹریفک رک گیا، اور ہزاروں مسافر پھنس گئے۔
ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پولیس کے بم کو ناکارہ بنانے کے دوران گارے ڈو نورڈ ٹرین اسٹیشن پر تمام ریلوے ٹریفک روک دیا گیا تھا، یہ فرانس کا مصروف ترین ریلوے اسٹیشن ہے، جو لندن اور یورپ کے لیے عالمی ٹرینوں کا میزبان اسٹیشن بھی ہے۔
گارے ڈو نورڈ اسٹیشن فرانسیسی دارالحکومت کے شمال میں ہے، جو علاقائی اور مضافاتی خدمات کے علاوہ یورو اسٹار بین الاقوامی ٹرینوں کی میزبانی کرتا ہے، پیرس سے آنے اور جانے والی تمام یورواسٹار ٹرینیں بشمول چینل ٹنل کے ذریعے لندن جانے والی مقبول سروس جمعہ کے باقی دنوں کے لیے منسوخ کر دی گئی۔
نیشنل ایس این سی ایف ریل کمپنی نے بتایا کہ یہ بم جمعرات کی رات شمالی پیرس کے مضافاتی علاقے سینٹ ڈینس میں مرمت کے کام کے دوران اسٹیشن سے تقریباً ڈھائی کلومیٹر دور پٹریوں کے قریب پایا گیا، اس بارے میں مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا کہ بم کیسے ملا۔
یہ بم دوسری جنگ عظیم کا ہے اور اس صورتحال سے واقف ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد کا وزن 500 کلوگرام تھا، مقامی لوگوں کو نکالنے کی ضرورت نہیں تھی۔
ریل انفرااسٹرکچر مینجمنٹ یونٹ ایس این سی ایف ریسو کے سربراہ میتھیو چبانل نے کہا کہ اتنے بڑے بم کی تلاش واقعی بہت غیر معمولی تھی۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران، ریل نیٹ ورک پر بھاری بمباری کی گئی تھی، خاص طور پر یہاں پیرس کے شمال میں جہاں بہت سی فیکٹریاں بھی تھیں، لہٰذا جب ہم اس علاقے میں کام کرتے ہیں تو ہم خاص طور پر چوکس رہتے ہیں اور ہمیں غیر معمولی صورتحال کا پتا چلتا ہے، جو گزشتہ رات ہوا تھا۔
سوڈ ریل یونینسٹ فیبین ویلیڈیو نے گندگی سے ڈھکے ہوئے اسلحہ کی ایک تصویر پوسٹ کی۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران یہ بم کب اور کس نے گرایا تھا اور کیا یہ 1940 میں جرمنی کے پیرس پر قبضے سے پہلے یا بعد کا ہے؟۔
’یہ ناممکن ہے‘
بہت سے مسافر منصوبہ بندی میں اچانک تبدیلی پر اپنی جلن کو چھپا نہیں سکے، پیرس کے شمال میں واقع ایک قصبے کا حوالہ دیتے ہوئے 55 سالہ کورین شیاویناٹو نے کہا کہ ’میں صبح 6 بجے سے گوزین ویل جانے والی ٹرین کا انتظار کر رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے متبادل بس لینے کی کوشش کی، لیکن یہ ناممکن ہے، بسوں میں بہت سارے مسافر بھرے ہوئے ہیں، میں سیلف ایمپلائڈ ہوں، میرا ایک کلائنٹ ہے جو صبح 7 بجے سے میرا انتظار کر رہا ہے،
مغربی فرانس کے ایک قصبے کا حوالہ دیتے ہوئے کلوئی ٹرننڈ نے کہا کہ ’یہ مضحکہ خیز بات ہے، میں ابھی لورینٹ سے واپس آئی ہوں، جہاں ہر وقت غیر پھٹنے والے بم دریافت ہوتے رہتے ہیں۔
پیرس رنگ روڈ اور موٹر وے کا ایک حصہ ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
’میں حیران رہ گیا‘
یورو اسٹار نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ ایک مختلف تاریخ کے لیے اپنا سفر تبدیل کریں۔
گارے ڈو نورڈ سے آنے اور جانے والی ٹریفک مکمل طور پر روک دی گئی ہے، کراس چینل آپریٹر کا کہنا ہے کہ اس کے نتیجے میں پیرس آنے اور جانے والی تمام یورو اسٹار ٹرینیں منسوخ کردی گئیں، جس سے لندن اور برسلز جانے والے مسافر راستے متاثر ہوئے ہیں۔
لندن سے برسلز اور لندن سے ایمسٹرڈیم کے لیے خدمات معمول کے مطابق چل رہی ہیں، کیوں کہ اس روٹ کی ٹرینیں پیرس کے راستے نہیں چلتی ہیں۔