وزیر خارجہ کی بنگلہ دیشی مشیر خارجہ سے ملاقات، متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار اور بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق نائب وزیرِاعظم اسحٰق ڈار اور بنگلہ دیشی حکومت کے مشیر خارجہ امور محمد توحید حسین کے درمیان ملاقات جدہ میں ہوئی۔
ملاقات جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات دونوں ممالک کے برادرانہ جذبات کی عکاسی کرتی ہے جب کہ فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نائب وزیرِاعظم نے تجارت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے دو طرفہ تعاون بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔