جدہ: سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ملاقات
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے جدہ میں ملاقات کی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ملاقات اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قبل ازیں شہزادہ فیصل نے کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ علی الیحیٰی اور ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ملاقاتیں کیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں 57 رکنی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’غزہ منصوبے‘ کے خلاف عربوں کے منصوبے کی حمایت کی گئی تھی۔
غزہ کی جلد بحالی اور تعمیر نو کے بارے میں اسلامی بلاک کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی عرب منصوبے کو منظور کرتا ہے، بین الاقوامی برادری، عالمی اور علاقائی فنڈنگ کے ادارے فوری طور پر ضروری مدد فراہم کریں۔
ٹرمپ نے اس وقت عالمی سطح پر برہمی کا اظہار کیا تھا، جب انہوں نے تجویز دی تھی کہ امریکا غزہ پر قبضہ کرے اور اسے ’مشرق وسطیٰ کے ریویرا‘ میں تبدیل کر دے گا، جب کہ اس کے فلسطینی باشندوں کو مصر یا اردن منتقل کرنے پر مجبور کرے گا۔