منشیات کیس: سندھ ہائیکورٹ نے ساحر حسن کی درخواست ضمانت پر پولیس فائل طلب کرلی
منشیات کے مقدمات میں گرفتار معروف اداکار کے بیٹے ساحر حسن نے ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا، عدالت عالیہ نے کیس کے تفتیشی افسر کو پولیس فائل سمیت طلب کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں ملزم ساحر حسن کی منشیات کے مقدمے میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، اس دوران عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر وکلا دلائل پیش کریں، مزید سماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ضمانت کے لیے درخواست تو آئینی بینچ کے پاس جانا چاہیے۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست ضمانت ریگولر بینچ سن سکتا ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ پہلے تو ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ یہ درخواست آئینی بینچ سنے گا یا ریگولر ؟
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ ساحر حسن کی گرفتاری کو زبردستی مصطفیٰ قتل کیس سے جوڑا جا رہا ہے، جب کہ یہ کیس الگ ہے، ملزم عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں دوست کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان مصطفیٰ عامر کے قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان اور شیراز نے دوران تفتیش انکشاف کیا تھا کہ وہ ساحر حسن نامی منشیات ڈیلر سے آئس اور ویڈ نامی منشیات خریدا کرتے تھے۔
اس انکشاف کے بعد پولیس نے قتل کیس کی تحقیقات کا دائرہ منشیات کی اسمگلنگ اور شہر کے پوش علاقوں میں منشیات کی سپلائی تک پھیلا دیا تھا، اسی دوران ملزم ساحر حسن کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔