• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:18am Sunrise 5:41am
  • ISB: Fajr 4:19am Sunrise 5:45am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:18am Sunrise 5:41am
  • ISB: Fajr 4:19am Sunrise 5:45am

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں فورسز نے حملہ ناکام بنادیا، 10 دہشت گرد ہلاک

شائع March 13, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

جنوبی وزیرستان اور ٹانک کی سرحد پر جنڈولہ میں سیکیورٹی فورسز نے پاک فوج کی پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو فورسز نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، جس کی وجہ سے خارجی دہشتگردوں کو ایک بارود سے بھری گاڑی دیوار سے ٹکرانا پڑی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا، اور حملہ آوروں کو مؤثر طریقے سے روکا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک خودکش بمبار سمیت تمام 10 خارجی دہشت گرد چیک پوسٹ کی دیوار کے باہر مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹانک میں چیک پوسٹ پرخارجی دہشتگردوں کاحملہ ناکام بنانے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے 10 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کیا، دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر فورسز کو سلام پیش کرتےہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں حالیہ برسوں میں دہشتگردی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

دو روز قبل (11 مارچ) بھی بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور جانے والی ٹرین (جعفر ایکسپریس) پر نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کر کے مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا۔

مسلح افراد نے انجن پر راکٹ فائر کیے اور فائرنگ کی جس کی وجہ سے ٹرین رک گئی۔ حکام کا کہنا تھا کہ انجن کا ڈرائیور شدید زخمی ہوا تھا جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا آپریشن 2 روز جاری رہا اور گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا تھا کہ جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب ہوگئے اور تمام 33 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے، تاہم آپریشن شروع ہونے سے پہلے دہشت گردوں نے 21شہریوں کو شہید کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 8 اپریل 2025
کارٹون : 7 اپریل 2025