نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو کارکردگی بہتر بنانے کیلئے دو ماہ کی مہلت
وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے دو ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیر نے این ایچ اے کے ارکان اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں یا گھر چلے جائیں۔‘
وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور جو بھی افسر اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے گا اسے گھر بھیج دیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کے آؤٹ پٹ پر برہمی کا اظہار کیا اور تمام عہدیداروں کو ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تاخیر سے منصوبوں کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر نے این ایچ اے افسران پر زور دیا کہ وہ لگن، عزم اور تندہی سے کام کریں اور عوامی فنڈز کے موثر استعمال کو یقینی بنائیں۔
اجلاس کے دوران این ایچ اے حکام نے وزیر کو سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں میں جاری اور مجوزہ سڑکوں کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔