دادو: جوئے کے اڈے پر چھاپہ، ہجوم کے حملے میں 2 ایس ایچ اوز، اہلکار اور کئی دیہاتی زخمی
سندھ کے ضلع دادو میں جوئے کے اڈے پر چھاپے کے دوران گاؤں والوں کے حملے میں 2 ایس ایچ اوز، متعدد پولیس اہلکار دیہاتی زخمی ہوگئے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سہارا آباد گاؤں کے رہائشیوں نے مشتبہ جوئے کے اڈے پر پولیس کے چھاپے کے دوران اور بعد میں کچھ مشتبہ افراد کی گرفتاری پر پرتشدد ردعمل کا اظہار کیا، جس میں 2 ایس ایچ اوز اور متعدد پولیس اہلکار اور دیہاتی زخمی ہوئے۔
یہ چھاپہ جامشورو کے ایس ایچ او خیر محمد ملاح اور ایس ایچ او کول مائنز زاہد جھٹیال کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے مارا تھا، پرتشدد ردعمل میں کانسٹیبل محمود (پولیس وین ڈرائیور) کے ساتھ دونوں افسران زخمی ہوئے۔
علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گاؤں والوں کی ایک بڑی تعداد نے پولیس اور ان کی گاڑیوں پر پتھراؤ شروع کر دیا، جب پولیس حراست میں لیے گئے 4 مشتبہ افراد علی گل، جمشید، مدد علی اور بہادر کو نامعلوم مقام پر لے جا رہی تھی۔
پولیس نے تشدد اور پتھراؤ کرنے والے گاؤں کے مشتعل ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔