• KHI: Asr 5:01pm Maghrib 6:43pm
  • LHR: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • ISB: Asr 4:34pm Maghrib 6:19pm
  • KHI: Asr 5:01pm Maghrib 6:43pm
  • LHR: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • ISB: Asr 4:34pm Maghrib 6:19pm

سندھ میں زیادہ پیداوار اور کم پانی پر کاشت ہونیوالی 22 نئی زرعی اجناس تیار

شائع March 18, 2025
سندھ نے اس بار کپاس کی پیداوار میں پنجاب کو پیچھے چھوڑ دیا، فصل کی بہتر دیکھ بھال اور جدید تکنیکس کا استعمال کیا — فائل فوٹو: ڈان
سندھ نے اس بار کپاس کی پیداوار میں پنجاب کو پیچھے چھوڑ دیا، فصل کی بہتر دیکھ بھال اور جدید تکنیکس کا استعمال کیا — فائل فوٹو: ڈان

سندھ کے زرعی سائنسدانوں نے زیادہ پیداوار اور کم پانی پر کاشت ہونے والی زرعی اجناس کی مزید 22 نئی اقسام تیار کرلیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت سیڈ کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کمیٹی نے کپاس، مکئی، سرسوں، چاول اور دالوں سمیت 22 نئی زرعی اجناس کی کاشت کے لیے متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ اجلاس میں کمیٹی نے زیادہ پیداوار دینے اور کم پانی پر کاشت ہونے والی کپاس، مکئی، سرسوں، چاول، دال اور آم سمیت 22 نئی زرعی اجناس کی کاشت کے لیے متفقہ طورپر منظوری دی، کپاس کی 3 اور چاول کی 4 نئی اقسام متعارف کرائی گئی ہیں جن کی کاشت کے لیے جُزوی طور پر ایک سال کے لیے منظوری دی گئی۔

سندھ کی سیڈ کونسل کا اجلاس وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت ہوا، جس میں 22 نئی زرعی اجناس کی کاشت کی متفقہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سیکریٹری زراعت سہیل احمد قریشی، ڈی جی ریسرچ مظہر کیریو، کاشت کار رہنما ندیم شاہ، سندھ/پنجاب کے زرعی ماہرین، سائنسدانوں اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) زراعت ایکسٹینشن منیر احمد جمانی، اور ایم ڈی سیڈ کارپوریشن مشتاق احمد سومرو بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کپاس، مکئی، سرسوں، چاول، دال اور آم کے نئے بیج تیار کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ کاٹن کی CKC 1، CKC 221 ،CKC 6، غوری 2، ہاف 3، ICS 386 سمیت 10 نئی زرعی اجناس کی اقسام کی متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ مکئی میں مظہر گولڈ، سندھ رانی اور سرہان کی نئی زرعی اجناس کی منظوری دی ہے، سرسوں میں نیئا کینولا اور نیئا توریہ گولڈ، جب کہ میرپورخاص کی دوسہری آم کی نئی زرعی اجناس کاشت کرنے کی منظوری دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تل میں ٹی ایس 3، چاول میں کے ایس کے 434، باسمتی 515، کائنات سمیت 4 نئی اقسام کی زرعی اجناس کی منظوری دی گئی۔

وزیر زراعت سندھ نے ڈی جی ریسرچ مظہر کیریو کو نئی زرعی اجناس کی اقسام تیار کرنے پر بھی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ ملک میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ اور بارش کی اوقات میں تبدیلی آرہی ہے، اسی وجہ سے روایتی کاشت کاری کے اوقات میں تبدیلی لانا ضروری ہے۔

اجلاس میں وزیر زراعت نے ڈوکری سے چاول کی زرعی اجناس چوری ہونے پر افسران کو معطل کرنے کے لیے سیکریٹری زراعت کو احکامات دیے۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ سندھ نے اس بار کپاس کی پیداوار میں پنجاب کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، سندھ کےکاشتکاروں اور محکمہ زراعت سندھ نے کپاس کی بہتر دیکھ بھال اور جدید تکنیکس کا استعمال کیا، پانی کی قلت کے باوجود بھی سندھ زرعی شعبے میں ایک اہم مقام حاصل کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں دیگر صوبوں کے لیے ایک مثال بن رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 مارچ 2025
کارٹون : 18 مارچ 2025