خیبرپختونخوا پولیس کو جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کرنے کیلئے 5.5 ارب روپے جاری
خیبرپختونخوا حکومت نے پولیس کو دہشت گردی کے خلاف جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کرنے کے لیے فوری طور پر ساڑھے 5 ارب روپے کے فنڈز جاری کردیے۔
ڈان نیوز کے مطابق صوبائی حکومت نے خیرپختونخوا پولیس کو دہشت گردی کے خلاف جدید ہتھیاروں اور آلات سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے فوری طور پر ساڑھے 5 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں۔
پولیس کی گاڑیوں کی بلٹ پروفنگ اور دیگر جدید آلات کی خریداری کے لیے 3 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں ، تمام اضلاع کی سطح پر جدید آلات سے لیس اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکنیکل ٹیمیں بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تھانوں اور چیک پوسٹوں کو محفوظ بنانے کے لیے 1.3 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں۔
سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل تھانوں اور چیک پوسٹوں کی تعمیر کے باقی ماندہ منصوبوں کے لیے 50 کروڑ روپے اور پولیس کے لیے نائٹ ویژن گوگلز، اسنائپرز اور دیگر آلات کے لیے 72 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔
پولیس افسران کی تنخواہیں بلوچستان پولیس کی تنخواہوں کے مساوی کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی تنخواہوں کے مساوی کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔