• KHI: Asr 5:01pm Maghrib 6:43pm
  • LHR: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • ISB: Asr 4:34pm Maghrib 6:19pm
  • KHI: Asr 5:01pm Maghrib 6:43pm
  • LHR: Asr 4:30pm Maghrib 6:13pm
  • ISB: Asr 4:34pm Maghrib 6:19pm

کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی

شائع March 18, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی کے علاقے کورنگی میں تاجر سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے محافظ کی جان لے لی، مقتول گھر کا واحد کفیل و شیرخوار بیٹی کا باپ تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی اور اس بار ڈاکوؤں نے کورنگی میں نجی سیکیورٹی گارڈ کو نشانہ بنایا۔

کورنگی میں بینک سے رقم لیکر نکلنے والے فرحان نامی تاجر سے رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر محافظ امیر احمد عرف عمران ڈاکووں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا۔

زخمی سیکیورٹی گارڈ کو ہسپتال پہنچایا گیا جو دوران علاج دم توڑ گیا، مقتول کے اہلخانہ کے مطابق مقتول گھر کا واحد کفیل اور شیر خوار بیٹی کا باپ تھا۔

بے لگام ڈاکو رمضان المبارک میں اب تک 5 شہریوں کی جان لے چکے ہیں، جب کہ رواں سال خاتون سمیت 21 شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیے جاچکے ہیں۔

3 جنوری زمان ٹاؤن مدینہ کالونی میں ڈاکوؤں نے ساحل مسیح کی جان لی، 9 جنوری اسٹیل ٹاؤن میں کریانہ اسٹور مالک عارف کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا۔

15 جنوری کو کورنگی زمان ٹاؤن جنجال پورا گوٹھ میں جواں سال مظفراقبال کی جان لے لی گئی، 22 جنوری کو سکھن پاکستان مشین ٹول فیکڑی کے قریب ڈاکوؤں نے چھریوں کے وار کرکے قائم دین نامی شہری کی جان لے لی۔

25 جنوری کو جوہرآباد ایف بی ایریا بلاک پندرہ میں گھر کی دہلیز پر ڈاکوؤں نے سر پر گولی مار کر عبدالمعیز کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

اگلے ماہ ڈاکو مزید متحرک ہوئے اور یکم فروری کو کورنگی مہران ٹاؤن میں پرجون شاپ مالک امیر خان کی جان لے لی جب کہ اسی روز سرجانی ٹاؤن گلشن نور میں ڈاکوؤں نے ارشد حسین کو قتل کیا۔

4 فروری کو سولجر بازار گارڈن جماعت خانہ کے قریب طاہر بزنجو کو موت کی نیند سلادیا جب کہ ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا۔

اسی روز موچکو مشرف کالونی کے گھر میں طلائی زیورات چھیننے کے دوران مزاحمت پر نوبیاہتا عائشہ نامی خاتون کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا۔

7 فروری کو کورنگی وائی ایریا میں سعید اللہ کی جان لے لی، فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو عوام نے دبوچ لیا جب کہ 11 فروری کو سائٹ سپر ہائی وے جمالی پل کلہاڑی چوک کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے طارق نامی شہری جان سے گیا۔

12 فروری کو لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب نوجوان عبداللہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا، 18 فروری کو ڈیفینس کے نجی گیسٹ ہاؤس میں راولپنڈی کے نوجوان مصطفی کو لوٹ مار کرکے قتل کردیا گیا۔

19 فروری کو اتحاد ٹاؤن میں محمد عمر کو موت دیدی گئی، 27 فروری کو منظور کالونی میں پیٹرول پمپ پر لوٹ مار کے دوران فائرنگ سے ریحان زندگی کی بازی ہار گیا۔

2 مارچ کو سچل غازی گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیٹے کے کریانہ اسٹور پر بیٹھا خان محمد زندگی گنواں بیٹھا، 4 مارچ کو شاہ لطیف قائدآباد پل کے نیچے ڈاکوؤں نے روزے دارعمران کی جان لے لی۔

5 مارچ کو شاہ لطیف ٹاؤن مرغی خانہ پل کے نیچے ڈاکوؤں نے بابر خان سواتی کی جان لے لی جب کہ ایک ڈاکو اہل علاقہ کے زد و کوب سے ہلاک ہوگیا۔

اسی روز سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈے کے قریب موٹرسائیکل چھیننے کے دوران نوجوان حاشر کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

6 مارچ کو فیروزآباد میں پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو میں نجی سیکورٹی گارڈ سے جینے کا حق چھین لیا جب کہ 17 مارچ کو کورنگی پولٹری فارم کے مالک سے 25 لاکھ روپے کے دوران مزاحمت پر نجی سیکیورٹی گارڈ امیر احمد عرف عمران کی جان لے لی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 مارچ 2025
کارٹون : 18 مارچ 2025