یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر اپنی سرجری کرنے والا شخص ہسپتال داخل
پڑوسی ملک بھارت میں پیٹ کے شدید درد میں مبتلا اور ڈاکٹروں کی جانب سے بیماری کی تشخیص نہ کرپانے پر یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر اپنی سرجری خود کرنے والا شخص ہسپتال جا پہنچا۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع ماتھر کے 32 سالہ راجہ بابو کچھ دن دے شدید پیٹ کے درد میں مبتلا تھے اور انہوں نے متعدد ڈاکٹرز سے چیک اپ بھی کروایا لیکن انہیں درد سے نجات نہیں ملی۔
ڈاکٹروں کے چکر کاٹنے کے بعد راجہ بابو نے اپنے پیٹ کا درد خود اپنی ذہانت سے ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنی سرجری خود کرنے کا عزم کیا۔
راجہ بابو نے یوٹیوب پر متعدد ویڈیوز دیکھنے کے بعد میڈیکل اسٹورز سے سرجیکل بلیڈ، نشہ دینے والے انجکشنز اور سرجری کے بعد جسم کو جوڑنے والے ٹانکے اور دیگر چیزیں خریدیں۔
انہوں نے یوٹیوب ویڈیوز سے سیکھنے کے بعد اپنے پیٹ کو خود ہی کاٹا اور سرجری کا عمل شروع کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بے ہوشی کے انجکشن کا نشہ جیسے ہی ختم ہوا تو رجب بابو کو شدید درد ہونے لگا، جس پر اہل خانہ نے انہیں ضلعی ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
اسی حوالے سے ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے ہسپتال انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر اپنی سرجری خود کرنے والے شخص کو دوسرے بڑے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈاکٹرز نے بتایا کہ اپنی سرجری خود کرنے سے مریض کے جسم میں انفیکشن پھیل چکا تھا اور ڈاکٹرز کو شک ہے کہ انفیکشن نے اندر نقصان بھی کیا ہوگا، اس لیے انہیں جدید اور بڑے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق اپنی سرجری خود کرنے والے شخص کی 15 سال قبل اپینڈکس کی سرجری ہوئی تھی اور ممکنہ طور پر اسی میں انفیکشن کی وجہ سے انہیں دوبارہ درد ہوا ہوگا اور خود اپنی سرجری کرنے سے مریض نے اپینڈکس کے قریب کے پیٹ کے حصے کو نقصان پہنچانے سمیت جسم میں انفیکشن کا پھیلاؤ کردیا۔