• KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:57am
  • KHI: Fajr 5:08am Sunrise 6:25am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:53am
  • ISB: Fajr 4:32am Sunrise 5:57am

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، 16 خارجی دہشت گرد ہلاک

شائع March 23, 2025
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 16 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خارجیوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان کلے میں 22 اور 23 مارچ کی درمیانی شب دراندازی کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 16 خارجیوں کوہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا کہ پاکستان بار بارافغان عبوری حکومت سے موثربارڈر مینجمنٹ کےلیے کہتا رہا ہے، توقع ہے افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

ترجمان پاک فوج نے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان خارجیوں کو پاکستان مین دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے، سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانےکے لیے پرعزم ہیں اور دہشتگردی کا خاتمہ یقینی بنائیں گی۔

صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر آصف علی زرداری نے ایک بیان میں دہشت گردوں کی دراندازی روکنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 16 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر افواج ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں جب کہ دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے افغانستان سے پاکستان دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پوری قوم اپنی بہادر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

’قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے‘

دوسری جانب، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت اور جرات پر فخر ہے، دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 30 مارچ 2025
کارٹون : 29 مارچ 2025