• KHI: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • LHR: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • ISB: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • KHI: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • LHR: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • ISB: Maghrib 5:00am Isha 5:00am

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کو بھی مذاکرات کا مینڈیٹ دیا جا سکتا ہے، بلوچستان حکومت

شائع March 28, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان میں بڑھتی ہوئی شورش کے تناظر میں صوبائی حکومت نے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کا آپشن ہمیشہ موجود رہا ہے جس کے ذریعے صوبے میں دہشت گردی سے نمٹا جا سکتا ہے، وزیراعلیٰ نے حزب اختلاف کو بھی مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی پیشکش کی ہے۔

کوئٹہ میں صوبائی وزرا میر شعیب نوشیروانی اور ظہور احمد بلیدی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا کہ صوبائی حکومت مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے میں سنجیدہ ہے، وزیر اعلیٰ نے اپوزیشن نے کو مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنے کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بلوچستان حکومت کا واضح موقف ہے، حالیہ دہشت گردی میں شناخت کے نام پر قتل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر شعیب نوشیروانی نے بلوچستان میں حالیہ ’دہشت گردی کی لہر‘ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر روایتی واقعات ہیں، لہٰذا ان سے ایک نئی حکمت عملی کے ذریعے غیر روایتی انداز میں نمٹنا ہوگا۔

شعیب نوشیروانی نے مزید کہا کہ انٹیلی جنس معلومات، عوام کا اتفاق رائے اور عوامی حمایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے ساتھ مل کر بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے، انہوں نے اعتراف کیا کہ حکومت بھی سمجھتی ہے کہ بلوچستان میں محرومیاں اور بیڈ گورننس ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، یہ سلسلہ کئی دہائیوں سے جاری ہے، حکومت گورننس اور حالات کی بہتری کے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

شعیب نوشیروانی نے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں حکومت نے بلوچستان کے عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی تھی لیکن جیسے ہی مہلت شروع ہوتی ہے دہشت گرد حملے دوبارہ بڑھ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت تشدد، جنگ یا آپریشن کے ذریعے مسائل حل نہیں کرنا چاہتی، کوئی بھی حکومت نقصان کے بغیر چیزیں ٹھیک کرنا چاہتی ہے۔

شعیب نوشیروانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پہلے دن سے ہی ہمیشہ مذاکرات کی دعوت دی ہے، جن کے پاس مینڈیٹ ہے، جو بلوچستان کی شکایات کی بات کرتے ہیں، ان کے لیے تمام دروازے کھلے ہیں، براہ مہربانی آئیں اور بات چیت کریں۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان رند نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومت کی پالیسیاں واضح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اسمبلی کے فلور پر کئی بار مذاکرات کی پیشکش کی ہے کہ اگر اپوزیشن کے کسی رکن نے بات چیت کے لیے پہل کرنی ہے تو وہ مینڈیٹ دینے کو تیار ہیں جس کے بعد مذاکرات شروع ہوں گے۔

صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہاکہ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے ملک دشمن عناصر ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں معصوم مسافروں کو یرغمال بنایا گیا جبکہ پوری دنیا نے جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت کی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز گوادر میں مسافر بس سے معصوم لوگوں کو اتار کر شہید کیا گیا۔

ظہور بلیدی نے کہا کہ گزشتہ روز کے دھماکے میں بلوچستان میں کینسر کے واحد معالج ڈاکٹر مہر اللّٰہ ترین کو شہید کیا گیا، ملک دشمن کے عناصر بلوچستان میں ترقی نہیں چاہتے، ملک دشمن عناصر کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025