ڈیرہ غازی خان: سرحدی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک
ڈیرہ غازی خان پولیس نے چوکی پر خارجی دہشت گردوں کا ایک اور حملہ ناکام بنادیا اور جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک اور ’بڑی تعداد کو زخمی‘ کر دیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا بارڈر پر واقع سرحدی چوکی لکھانی پر 20 سے 25 دہشت گرد حملہ آور ہوئے۔
دہشت گردوں نے مارٹر گولوں، راکٹ لانچرز کا بے دریغ استعمال کیا، دہشت گردوں کی جانب سے اسنائپر رائفلز اور دیگر بھاری اسلحے کا بھی استعمال کیا گیا۔
پولیس، ایلیٹ فورس اور ایس او یو کے جوانوں کی بھرپور جوابی کارروائی سے دہشت گرد پسپا ہونے پر مجبو ہوگئے۔
جوابی کارروائی سے ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
دہشت گردوں کے حملے کے دوران پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔
دریں اثنا، پولیس نے بتایا کہ علاقے میں شروع کیے گئے سرچ آپریشن میں مزید 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھرپور جوابی کارروائی کی وجہ سے دہشت گرد اپنے جوتوں اور دیگر سامان چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان پولیس کو دہشت گردوں کے خلاف کامیابی پر شاباش اور کارروائیاں جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ دہشت گرد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سرحدی چوکی لکھانی پر حملے کی کئی کوششیں کر چکے ہیں، لیکن تمام کوششوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔