لاہور: عید شاپنگ کرکے گھر جانیوالی خواتین سے واردات کرنے والا گینگ گرفتار
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شفیق آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عید کی شاپنگ سے واپس گھر آنے والی خواتین سے واردات کرنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں شفیق آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار کیے گئے ملزمان ملکر معصوم شہریوں سے پرس اور نقد رقم چھین لیتے تھے، ملزمان کی خواتین سے واردات کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان موٹر سائیکل پر آتے اور خواتین سے زبردستی پرس، موبائل اور نقدی چھین کر فرار ہوتے واضح طور پر دیکھے جاسکتے ہیں، ملزمان نے چند روز قبل ہی خواتین کے ساتھ یہ واردات انجام دی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان شفیق آباد سمیت لاہور کے مختلف مقامات پر وارداتیں کرتے تھے، گرفتار ملزمان میں ریکارڈ یافتہ 2 ملزمان حسیب اور عمر حیات بھی شامل ہیں۔
ملزمان کے قبضہ سے غیر قانونی اسلحہ،موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جب کہ تفتیش کا عمل جاری ہے۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) سٹی نے متحرک اسٹریٹ کرمنلز کی گرفتاری پر اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) شفیق آباد اور ٹیم کو شاباش دی ہے۔
ایس پی سٹی کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے کہا کہ عید کے موقع پر شہریوں سے واردات کرنے والے متحرک گینگز کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔