عید کا دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے، صدر و وزیراعظم کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے، ہمیں ہرقسم کی انتہاپسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا۔
ڈان نیو زکے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پوری قوم اور عالم اسلام کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کا دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے، ضرورت مندوں کی مدد کیلئے زکٰوۃ،صدقات، فطرانہ بڑھ چڑھ کرادا کریں۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ اصل خوشی دوسروں کے ساتھ اپنے خوشیاں بانٹنے میں ہے، ہمیں چاہیے کہ رمضان کی برکتوں کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں نافذ کریں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر،عبادت،غریبوں کی مدد کا درس دیتا ہے، عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو روزے کی مشقت پر عطاکیاگیا۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباد، عید الفطر کا دن ہمیں خوشی،شکرگزاری،اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سےخطرات لاحق ہیں، ہمیں ہرقسم کی انتہاپسندی،نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا اور ملک کی سالمیت اور استحکام کیلئے متحد ہونا ہوگا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سےخطرات لاحق ہیں، ہمیں متحد ہوکروطن عزیز کےخلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے، معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کو مستحکم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے، ہمیں متحد ہوکر اپنے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرناہے اور متحد ہوکروطن عزیز کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔