وزیر اعظم کا بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر سے رابطہ، عید الفطر کی مبارکباد
وزیر اعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں عید کی مبارکباد دی جب کہ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سیاحت میں مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شہباز شریف نے عید کے موقع پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر محمد یونس سے گزشتہ سال اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے) اور ڈی-8 سربراہی اجلاس کے دوران نیویارک اور قاہرہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سیاحت میں مثبت رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔
اس موقع وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپریل میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کے دورہ ڈھاکہ کے حوالے سے پر امید ہیں اور ایک تجارتی وفد بھی ان کے ہمراہ بنگلہ دیش جائے گا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران شہباز شریف نے تمام سطحوں پر دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے ادارہ جاتی نظام کو بحال کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
رہنماؤں نے دونوں ممالک کے مابین عوامی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی وفود کے تبادلے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے بنگلہ دیش سے ایک ثقافتی وفد کو پاکستان کے دورے پر بھیجنے کی تجویز دی جس میں پرانے اور نئے فنکار بالخصوص لیجنڈ اداکارہ رونا لیلیٰ بھی شامل ہوں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
وزیر اعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے عید الفطر کی مبارکباد دی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے گزشتہ اکتوبر میں ملائیشیا کے وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے ملائیشیا کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم نے اس سال مئی میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے کوالالمپور کے متوقع دورے پر دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کے ضمن میں اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ رواں سال ملائیشیا کے دورے کے منتظر ہیں، امید ہے یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے مفید ثابت ہو گا۔
شہباز شریف کا میانمار کے وزیر اعظم سے رابط
وزیر اعظم شہباز شریف نے میانمار کے وزیراعظم سے ٹیلیفونک کے دوران 28 مارچ 2025 کو آنے والے تباہ کن زلز لے کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر حکومت پاکستان کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے میانمار کے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ پاکستان زلز لے سے متاثرہ افراد کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے میانمار کے وزیراعظم کو بتایا کہ ان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی تقریباً 70 ٹن امدادی سامان میانمار کے لیے روانہ کرے گی اور 2کھیپ پر مشتمل امدادی سامان آئندہ 48 گھنٹوں میں زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے پہنچ جائے گا۔
میانمار کے وزیر اعظم نے شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے حسن سلوک کو سراہا اور مشکل کی اس گھڑی میں میانمار کے عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر شکریہ ادا کیا۔