پی ایس ایل 10 آفیشل اینتھم کا ٹیزر جاری کردیا گیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے اینتھم کا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹز پر جاری کیے گئے مختصر ٹیزر میں علی ظفر مختلف اسٹیپ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور ساتھ ہی میوزک بج رہا ہے تاہم گانے کی تھیم کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا اور ویڈیو کے آخر میں ’جلد آرہا ہے‘ لکھا ہوا ہوتا ہے۔
اس سے قبل، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل 10 کا اینتھم بھی نامور گلوکار علی ظفر ہی گائیں گے جو پچھلے ایڈیشن کے اینتھم ’کُھل کے کھیل‘ میں اپنی آواز کا جادو جگاچکے ہیں۔
پی ایس ایل کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سیزن 10 کے ترانے کا ایک پوسٹر جاری کیا گیا تھا جس میں گلوکار علی ظفر کو دکھایا گیا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا اور 18 مئی تک ملک کے 4 بڑے شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں میچز کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ علی ظفر پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن سے لے کر اب تک متعدد ایڈیشن کے اینتھم گاچکے ہیں۔
علی ظفر نے 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘، 2017 میں ’اب کھیل جمے گا‘، اور 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ کے اینتھم گائے تھے۔
تاہم، 2019 میں فواد خان اور ینگ دیسی نے ملکر اینھتم گایا اور 2020 میں پی سی بی نے علی عظمت، ہارون، عاصم اظہر اور عارف لوہار کو موقع دیا جب کہ 2021گلوکارہ آئمہ بیگ، نصیبو لال اور ینگ اسٹنرز نے ایک نئے انداز میں اینھتم گیا۔
2022 میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ، 2023 میں عاصم اظہر، شائے گل اور فارس شفیع کو موقع دیا گیا تاہم 2024 کے ایڈیشن میں ایک بار پھر علی ظفر کی واپسی ہوئی جنہوں نے آئمہ بیگ کے ساتھ ملکر ’کھل کر کھیل‘ گایا۔