سلمان اکرام راجا کو عمران خان سے ملاقات سے روک دیا گیا
بانی پاکستان تحریک انصاف کے نامزد کردہ کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجا کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی جبکہ اعظم سواتی،نادیہ خٹک،تابش فاروق،مبشراعوان اور انصر کیانی کو ملاقات کی اجازت مل گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے سےملاقات سےقبل گیٹ 5 پر نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا، عمران خان بانی کے نامزد کوآرڈنیٹر سلمان اکرم راجا کو ملاقات کی اجازت نہ ملی، ان کے علاوہ شعیب شاہین اور نیاز اللہ نیازی کو بھی روک لیا گیا۔
اعظم سواتی، نادیہ خٹک، تابش فاروق، مبشراعوان اور انصرکیانی کواجازت مل گئی مگر سلمان اکرام راجا کی ہدایت پر وکلا تابش فاروق اور انصرکیانی ملاقات کےلیےجیل کےاندر روانہ نہ ہوئے جبکہ اعظم سواتی، مبشر مقصود اعوان اور نادیہ خٹک ملاقات کےلیےجیل کے اندر چلے گئے۔
اس موقع پر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ کیسےہوسکتاہے کہ میں نےنام دیے اور مجھےہی ملاقات کی اجازت نہیں ملی، اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر انہوں نے عملے سے کہا کہ جیلرصاحب آپ نمبر پورے کررہے ہیں، ہم دوافراد کو روک رہے ہیں،مجھے اور نیاز اللہ نیازی کو بھجیں۔
اس پر جیل کے عملے نے کہا کہ ہم پہلےان کو اندر بھیجتے ہیں پھرجو بھی نام آئے ہم اجازت دے دیں گے، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ہماری لسٹ کےمطابق صرف اعظم سواتی کوملاقات کے لیے بھجوایا گیا ہے، باقی نام ہماری لسٹ کے مطابق کیوں نہیں لیے گئے،۔
جیل عملے کی جانب سے بار بار وکلا انصرکیانی اور تابش فاروق کو اندر بھجوانے ہدایت کی گئی مگر سلمان اکرم راجہ نے دونوں ایڈووکیٹس کو اندر جانے سے دوبارہ روک دیا ۔
انہوں نے عملے سے کہا کہ آپ ہمیں اندربجھوائیں، ہمارے بعد انہیں بھی بجھوا دیں، سلمان اکرم راجا نے عملے سے مزید کہا کہ اگر آپ ہمیں اندر نہیں بھجواتےتو کوئی بھی اندر نہیں جائے گا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ اگر آپ انہیں ملاقات کے لیے بھجوائیں گے تو بانی پی ٹی آئی ناراض ہوں گے۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عدالتی احکامات میں واضح لکھا ہے مجھ سمیت بیرسٹر گوہر، اور انتظار پنجھوتہ جو نام دیں گے انہی کی ملاقات ہوگی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ دیتے ہوئے ان سے منگل اور جمعرات 2 دن کی ملاقات بحال کر دی تھی۔
عدالت عالیہ نے حکم دیا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو نہیں ہو گی، اورسلمان اکرم راجا جو نام دیں گے صرف وہی ملاقات کر سکے گا، تاہم آج جیل عملے کی جانب سے سلمان اکرم راجا، شعیب شاہین اور نیاز اللہ نیازی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
بانی ( پی ٹی آئی ) کو بتایا سلمان اکرم راجہ آپ کا سودا نہیں کرے گا،اعظم سواتی
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد اعظم سواتی،مبشر اعوان، نادیہ خٹک جیل سے باہر آگئے، ملاقات میں بشری بی بی بھی موجود تھیں۔
گیٹ 5 پر پہنچتے ہی اعظم سواتی نےسلمان اکرم راجہ کو الگ سے بلا لیا، گیٹ کے اندر اعظم سواتی، سلمان اکرم راجہ اور مبشر مقصود کی مشاورت ہوئی۔
گیٹ 5کے اندر نیاز اللہ نیازی، شعیب شاہین، انصر کیانی ایڈووکیٹ اور فیصل ملک ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اعظم سواتی نے کہا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے دیگر دو لوگوں کے ہمراہ ملاقات ہوئی، عمران خان کو بتایا کہ سلمان اکرم راجا آپ کا سودا نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بانی کو مانسہرہ کی کرپشن کے معاملات پر بتایا، اور ان سے کہا کہ کمیٹی کے معاملات سامنے لائے جائیں۔
اعظم سواتی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے تو اسپیکر کے پی اسمبلی کو مستعفی ہوجانا چاہیے۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جنید اکبر کے بارے بھی بانی پی ٹی آئی کو بتایا، بانی نے کہا ہے کہ جنید اکبر کی تعیناتیوں کو فوری واپس کیا جائے۔
اعظم سواتی نے کہا کہ انہوں نے پنجاب کے معاملات پر بھی بانی کو بریف کیا اور بتایا کہ عالیہ حمزہ کا راستہ روکا جارہا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جنید اکبر کے بارے میں بانی کو بتایا کہ وہ اچھا کام کررہےہیں۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ہم نے بانی کو ہر صورت جیل سے نکالنا ہے، علی امین گنڈا پور کرپشن کے معاملات پر خاموش نہیں ہیں، میں علی امین گنڈا کی اجازت سے ہی بانی سے ملنے آیا ہوں۔
دریں اثنا اڈیالہ جیل میں سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اعظم خان سواتی کی بات پر جنید اکبر سے بات کروں گا، پنجاب میں اگر کوئی مسئلہ ہے تو اس پر بھی گفت و شنید ہوسکتی ہے، پارٹی میں کوئی لڑائی نہیں چھوٹے موٹے معاملات چلتے رہتے ہیں۔