راولپنڈی: غیرت کے نام پر لڑکے اور لڑکی کا قتل، مقدمہ درج
راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے میں غیرت کے نام پر لڑکی اور لڑکے کو قتل کردیا گیا، پولیس نے مقتول لڑکے حیدر علی کے قریبی عزیز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
تھانہ دھمیال میں مقتول لڑکے کے ماموں زاد بھائی کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ کلرسیداں کے رہائشی حیدر علی کا راولپنڈی کی رہائشی کنول عرف لائبہ سے رشتے کی بات چل رہی تھی۔
اتوار کو کنول کے گھروالوں نے رابطہ کرکے حیدر علی کے اہل خانہ کو رشتے کی بات فائنل کرنے کے لیے بلایا جس پر مقتول حیدرعلی اپنی والدہ، اور کزن اور مدعی مقدمہ وسیم خالد کے ساتھ وہاں چلا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق کچھ ہی دیر بعد کنول کے بھائی عبدالوہاب نے وہاں آکر ان کے ساتھ گالم گلوچ شروع کردی اور سب کو ایک کمرے میں بند کردیا۔
رات تین بجے ملزم واپس آیا اور حیدرعلی اور کنول کو لے کر سیڑھیوں کی جانب گیا جہاں اس نے دونوں کو گولیاں ماردیں اور موقع سے فرار ہوگیا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق مقتولین پسند کی شادی کرنا چاہتے تھے مگر ملزم نے غیرت کے نام پر قتل کیا ،مقتول نے لڑکی کا رشتہ بھی مانگا تھا مگر لڑکی والوں نے انکار کردیا تھا۔
دریں اثنا واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی پی او راولپنڈی نے ملزم کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کردیے اور ایس پی صدر کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔