• KHI: Fajr 4:50am Sunrise 6:09am
  • LHR: Fajr 4:08am Sunrise 5:33am
  • ISB: Fajr 4:09am Sunrise 5:36am
  • KHI: Fajr 4:50am Sunrise 6:09am
  • LHR: Fajr 4:08am Sunrise 5:33am
  • ISB: Fajr 4:09am Sunrise 5:36am

شیخوپورہ: شادی میں مہمانوں کیلئے باربی کیو بنانے میں تاخیر پر کاریگر قتل، ملزمان فرار

شائع April 10, 2025
پولیس نے مقتول کی میت کو ہسپتال منتقل کرکے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا — فائل فوٹو
پولیس نے مقتول کی میت کو ہسپتال منتقل کرکے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا — فائل فوٹو

شیخوپورہ کے قریب نواں کھوہ گاؤں میں پولیس حکام نے شادی کی تقریب کے دوران تاخیر سے آنے والے مہمانوں کے لیے مبینہ طور پر باربی کیو کی تیاری میں دیر ہونے پر کاریگر کو قتل کرنے والے 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق محلہ صدیقہ کالونی کے رہائشی سید ثناالرحمٰن نامی شکایت کنندہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی شرقپور روڈ پر باربی کیو کی دکان ہے، ضیغم عباس نامی شخص نے نواں کھوہ گاؤں میں شادی کی تقریب میں باربی کیو بنوانے کے لیے ان کی خدمات حاصل کی تھیں۔

مدعی کے مطابق آرڈر ملنے پر مقررہ تاریخ پر منگل کی شب وہ اور ان کے بھائی نواں کھوہ گاؤں میں شادی کے مہمانوں کے لیے باربی کیو بنانے گئے، جب ہم نے اپنا کام ختم کرلیا اور تمام مہمانوں کو باربی کیو پیش کر دیا، اور ہم سامان سمیٹ کر واپس شرقپور آنے کی تیاری کر رہے تھے تو اس دوران شادی میں مزید کچھ مہمان تاخیر سے پہنچ گئے۔

مدعی کے مطابق ضیغم عباس نامی شخص نے ہم پر نئے آنے والے مہمانوں کے لیے بھی فریش باربی کیو بنانے پر زور دیا، جس پر ہم نے اپنا سامان پھر سے لگایا اور باربی کیو بنانے کی تیاری کرنے لگے، تاہم اس دوران ضیغم عباس ناراض اور سخت غصہ ہوگیا اور الزام لگایا کہ ہم باربی کیو بنانے میں تاخیر کر رہے ہیں، اس دوران اس نے ہم پر فائرنگ کردی۔

مدعی کے مطابق ملزم کی جانب سے چلائی گئی ایک گولی اس کے بھائی سلیم ناصر کو لگی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، تاہم اس دوران ملزم ضیغم اور اس کے ساتھی ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔

بھکی پولیس نے مدعی کے بیان کے مطابق فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) زیر دفعہ پاکستان پینل کوڈ ( پی پی سی) 302، 148 اور 149 درج کرلی، مقدمے میں ضیغم عباس، خرم عباس، فیصل عباس اور 4 نا معلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

پولیس نے مقتول کی میت کو ہسپتال منتقل کرکے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا، مقدمہ تفتیشی پولیس کو منتقل کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 15 اپریل 2025
کارٹون : 14 اپریل 2025