کراچی: سخی حسن کے قریب موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مارنے والا ٹینکر نذرآتش
کراچی کے علاقے سخی حسن کے قریب موٹرسائیکل سوار کو ٹکر مار کر زخمی کرنے والے واٹر ٹینکر کو مشتعل شہریوں نے آگ لگادی۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس اور عینی شاہد کا کہنا ہے کہ واٹر ٹینکر ڈرائیور ناظم آباد کے قریب عمران نامی شہری کو ٹکر مار کر فرار ہوا تھا جس کا شہریوں نے تعاقب کیا، جس پر ٹینکر ڈرائیور نے مزید رفتار بڑھا دی اور متعدد موٹر سائیکلیں گراتا ہوا نکلا۔
سخی حسن کے قریب واٹر ٹینکر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر الٹ گیا تو شہریوں نے اسے آگ لگادی جبکہ موٹر سائیکل سواروں نے دوسرے ٹینکر کے شیشے بھی توڑے دیئے۔
پولیس نے ٹینکر میں لگی آگ بجھادی جبکہ ڈرائیور اور کلینر موقع دیکھ کر فرار ہوگئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا۔
ڈرائیور نے فرار کی کوشش میں 2 موٹرسائیکلوں کو رونڈ ڈالا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 5 ڈمپر اور 4 واٹر ٹینکر اور ایک ٹرک جلا دیا۔
واقعے کے خلاف ڈمپرز ایسوسی ایشن نے سپرہائی وے پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی تھی جس کے بعد پولیس نے ڈمپر اور ٹرکوں کو نذرآتش کرنے والے افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔