غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج
جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور مجلس وحدت مسلمین نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کیے گئے، کراچی میں جماعت اسلامی اور ایم ڈبلیو ایم نے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا، جبکہ حیدرآباد میں بھی ریلی نکالی گئی۔
اسی طرح خیبرپختونخوا میں پشاور، شانگلہ، سوات، بٹگرام، تورغر، صوابی، دیر اپر، دیر لوئر، منیرہ، کوہستان اور ضلع کے دیگر علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک جاری بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر جماعت اسلامی نے دیر، لاہور اور اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں غزہ مارچ کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد آبپارہ چوک میں جماعت اسلامی کا غزہ کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کی جانب سے آگے بھڑنے کی کوشش کی گئے، اس دوران ان کا پولیس سے آمنا سامنا ہو گیا۔
غزہ میں اسرائیلی ظلم کے خلاف لاہور میں مال روڈ پر احتجاج میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پورا پاکستان اسرائیلی ایجنٹوں اور امریکی غلاموں کو مردہ باد کہہ رہا ہے، حکمرانوں کو کہتے ہیں ہوش کے ناخن لو۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہمارے بچوں کو قتل کر رہا ہے، حملوں سے بچے ہوا میں اچھلتے اور ٹکڑے ٹکڑے ہوجاتے ہیں، نیتن یاہو سن لو! ہمارے ایک ایک بچہ کے خون کا بدلہ امت مسلمہ لے گی۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ ہوگا۔
ادھر، خیبرپختونخوا میں بھی جماعت اسلامی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنی پارٹیوں کے جھنڈوں کے ساتھ فلسطین کے جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز بھی لہرائے جن پر اسرائیل کے خلاف اور غزہ کی حمایت میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے اسرائیلی صدر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویریں بھی نذر آتش کیں۔
اسرائیلی مظالم کے خلاف پشاورکے تاجروں نے احتجاج کیا، غزہ مارچ میں قصہ خوانی میں شہر بھر کے تاجروں نے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کی خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کیا، خواتین نے اسرائیلی افواج کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فلسطینی بھائی بہنوں پر ظلم کسی صورت قبول نہیں، اسرائیل کی جانب سے معصوم بچوں اور بڑوں پر بمباری ناقابلِ برداشت ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے شانگلہ تحصیل بشام میں اسرائیل کے خلاف عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان نے اسرائیل کے مظالم کی مذمت کی اور اس کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جماعت اسلامی کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف سوات میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مظاہرین نشاط چوک پر جمع ہوئے اور اسرائیل کے خلاف اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے، اس موقع پر مقررین نے اسرائیل کے مظالم اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری ایکشن لینے کی اپیل کی۔
رہنماؤں نے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ ضروری ہے، مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف ہر سطح پر احتجاج جاری رہے گا تاکہ دنیا بھر میں ان کے ظلم کو اجاگر کیا جا سکے۔
اسی طرح مردان میں بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع مردان غلام رسول نے کی۔
ادھر، بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی، جو جناح روڈ سے شروع ہو کر مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے منان چوک پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرے میں تبدیل ہوگئی۔
مظاہرے کی قیادت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ضلعی امیر حافظ حسین احمد شرودی نے قیادت کی، ریلی کے شرکاء نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مقررین نے کیا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کو اپنے جبر اور ظلم کا نشانہ بنا رہا ہے اور اقوام عالم اسرائیلی جارحیت کے خلاف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ مسلم ممالک، او آئی سی اور انسانی حقوق کی ساری تنظیمیں بھی خاموش ہیں، ان کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوری امت مسلمہ ایک آواز بنے کیونکہ اسرائیل کے خلاف جہاد فرض ہوچکا ہے۔
انہوں نے مسلم حکمران اس میں اپنا کردار ادا کریں مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ اور تمام مسلم ممالک آواز اٹھائے اورجو لوگ اسرائیلی جارحیت پر خاموش ہے وہ فلسطینیوں کے قتل عام میں برابر کے شریک ہیں
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے فلسطینیوں کو خوراک ادویات اور دیگر ضروری اشیاءاشد ضرورت ہے مسلم حکمران اسرائیل کا ساتھ دینے والے ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔