رواں سال صرف 23 ہزار 620 عازمین نجی حج اسکیم سے استفادہ کرسکیں گے، وزارت مذہبی امور
جمعرات کو وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، نجی حج سکیم کے تحت صرف 23 ہزار 620 عازمین کو حج کرنے کی اجازت ہوگی۔
ہر سال لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے حج ادا کرنے کے لیے جاتے ہیں، سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو دنیا کے بڑے حج کوٹے میں سے ایک دیا جاتا ہے۔
جنوری میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سالانہ حج معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین کو رواں سال حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق تقریباً 90 ہزار عازمین حکومتی اسکیم کے تحت حج ادا کریں گے، جیسا کہ 6 اپریل کو ریڈیو پاکستان نے رپورٹ کیا تھا۔
تاہم جمعرات کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد کوٹے کے باوجود صرف 23 ہزار 620 افراد کو نجی حج اسکیم کے تحت حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ’وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی ویب سائٹ اور پاک حج ایپ پر حج 2025 کے کوٹے کے ساتھ خدمات فراہم کرنے والے سروس پرووائیڈرز کی فہرست اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے‘۔
مزید کہا گیا ’ایسے تمام عازمین جنہوں نے رجسٹرڈ سروس پرووائیڈرز کے ساتھ بلنگ مکمل کر لی ہے، وہ اپنی درخواست اور معاہدے کی حیثیت وزارت کی ویب سائٹ پر چیک کر سکتے ہیں‘۔
سروس پرووائیڈرز پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عازمین کو اپ ڈیٹ شدہ حج فارم فراہم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے ویزے سعودی وزارت حج و عمرہ کی ہدایات کے مطابق 18 اپریل (جمعہ) تک منظور ہو جائیں۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ایک دوسرے نوٹیفکیشن میں عازمین کے لیے لازمی ویکسینیشن سمیت دیگر شرائط اور ملک بھر میں قائم حج کیمپوں سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ’عارضی حج کیمپ حیدرآباد، سیالکوٹ، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں صرف مخصوص دنوں کے لیے کھولے جائیں گے، جن کی اطلاع حج موبائل ایپ کے ذریعے دی جائے گی‘۔
مزید بتایا گیا ’پرواز سے دو دن قبل، عازمین حج کو متعلقہ حج کیمپ سے حج ویزہ، ایئر ٹکٹ، شناختی لاکٹ، بیگ کے ساتھ لگانے کے لیے شناختی ڈیٹا شیٹ، اور سعودی عرب میں استعمال کے لیے مفت زونگ سم فراہم کی جائے گی‘۔