'چند سالوں میں بجلی و گیس کا بحران حل ہوجائے گا'
لندن: وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ چند سالوں میں ملک سے بجلی اور گیس کی قلّت کا مسئلہ حل ہوجائے گا، لیکن وہ اس حوالے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کو کئی قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن ان سے نمٹنے کے لیے جمہوریت ہی واحد راستہ ہے۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت آنے کے بعد ملکی معشیت کسی حد تک مستحکم ہوئی ہے اور حکومتی اخراجات میں تیس فیصد کمی، جبکہ ٹیکسوں کی آمدنی میں سولہ فیصد تک کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں قیامِِ امن کے بغیر ترقی ناممکن ہے۔
نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا مکمل خاتمہ ہوجائے۔