• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عمران خان کا گجرات اور لاڑکانہ میں جلسوں کا اعلان

شائع October 17, 2014
چئیرمین  تحریک انصاف  عمران خان سرگودھا میں جلسے سے خطاب کر رہے ہیں  ۔(فوٹو: آئی این پی)۔
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سرگودھا میں جلسے سے خطاب کر رہے ہیں ۔(فوٹو: آئی این پی)۔

سرگودھا:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی پر حکومت کے خلاف جاری مہم میں مزید جلسوں کا اعلان کیا ہے ، جس میں ایک ہفتے بعد 24اکتوبر جمعہ کو گجرات اور 21 نومبر جمعہ کو لاڑکانہ میں جلسے کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے مختصر نوٹس پر اگلے جمعہ کو گجرات میں جلسہ کریں گےاس کے بعد سندھ بھی جا رہے ہیں جہاں لاڑکانہ میں21 نومبر کو جلسہ کرکے دکھائیں گے، عوام تیاری کر لیں کیونکہ اگلا سال انتخابات کا سال ہے ۔

سرگودھا میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ مک مکا کی سیاست کا نتیجہ ملتان میں نظر آگیاہے ، پیپلز پارٹی ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے مگر ملتان کے ضمنی الیکشن میں اس کی ضمانت ضبط ہو گئی ، اس سے اندازہ ہو گیا ہے کہ پی پی پی کا کیا حال ہونے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نظام تبدیل کر رہے ہیں، چیلنج کرتا ہوں کے پی کے اور پنجاب میں دوبارہ الیکشن کروایا جائے تو معلوم ہو جائے گا کہ کس نے کیا کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے کارکن اپنے رہنماوں آصف علی زرداری اور نواز شریف سے پوچھیں کہ یہ جو نئے بلاول ہاوس بنا رہے ہیں اور بیرون ملک ان کے بچوں کی دولت میں اضافہ ہو رہا ہے تو یہ پیسہ کہاں سے آ رہا ہے۔

انہوں نے نواز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ان کو ڈیڑھ کروڑ ووٹ ملے ہیں تو وہ مینار پاکستان پر ایک جلسہ تو کرکے دکھائیں معلوم ہو جائے گا کہ ان کو ووٹ کیسے ملے ہیں،الیکشن میں پاکستان کی تاریخ کی سب سےبڑی دھاندلی ہوئی تھی، سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ افتخار چوہدری، پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی اور آر اوز نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا۔

عمران خان نے دعوی کیا کہ 2015 عام انتخابات کا سال ہے، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا حال برا نظر آ رہا ہے، اس کے رہنما اور کارکن پی ٹی آئی میں آ رہے ہیں، ملتان میں الیکشن پوری ریاستی مشیری لگی ہوئی تھی ایسے بھی کبھی الیکشن ہوتے ہیں

انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں مدینے کی ریاست کی طرح کی ریاست بنائیں گے جس میں عدل وانصاف ہوگا، وہ قانون لائیں گے جس میں ایک غریب شخص اور طاقتور شخص برابر ہوں گے، ایک جیسا نصاب تعلیم ہوگا ، سب کو علامہ اقبال کے نظریاتی پڑھائیں گے، 11کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے ہیں ان کو اوپر لانا ہے، ملک میں ایسا بلدیاتی نظام ہوگا جس میں عوام خود اپنے فیصلے کر سکیں گے، نئے پاکستان میں خواتین کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا پورا موقع دیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے چئیرمین کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں کسی ملک سے قرضے یا بھیک نہیں مانگیں ایسی قوم کی عزت نہیں کی جاتی، خود دار اور آزاد قوم کی عزت ہوتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نندی پور منصوبہ 23ارب کا تھا، نواز حکومت نے 83ارب تک پہنچا دیا، ان کسانوں اور مزدوروں کے لیے کھڑا ہوں جو بل ادا نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے گھر کا بل 30ہزار روپے تھا جس پر بجلی کاٹ دی گئی ہے جبکہ شریف خاندان کی اتفاق فاؤنڈری کا بجلی کا بل 5کروڑ نہیں دیا گیا ،نواز شریف نے 65لاکھ کا بل دینا ہے مگر ان کی بجلی نہیں کاٹی گئی،384 ارب روپے بجلی کی چوری کے بل عوام سے وصول کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے سرگودھا میں پی ٹی آئی کے ذمہ داران کو بہتر انتظامات پر مبارک باد دی اور کارکنان کو ہدایت کی کہ سب آرام سے واپسی اختیار کریں واضح رہے کہ ملتان میں جلسے میں دروازے بند ہونے سے کئی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔


ملتان کے انتخاب میں گیم چینج ہو گیا ہے،شاہ محمود قریشی


پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اب سندھ کا رخ کر رہے ہیں، عمران خان 21 نومبر کو لاڑکانہ میں جلسے سے خطاب کریں گے

سرگودھا میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملتان کے انتخاب میں کھیل تبدیل (گیم چینج) ہو گیا ہے، نواز شریف کو جانا ہو گا جبکہ جس حلقے سے پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے جیتے تھے وہاں پی پی پی کے امید وار کی ضمانت ضبط ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی آ نہیں رہی تبدیلی آگئی ہے پیپلز پارٹی کے جلسے میں بھی ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگیں گے، مک مکاختم ہوناہےپھرنوازشریف کوجاناہے،بلاول نےبھی'' گونواز گو''کہناہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ ایک گیند سے دو وکٹیں گرا کر دکھاؤں گا، ملتان میں ایک گیند سےنواز شریف اور زرداری کی وکٹ گرا دی۔


نوازشریف نےقطر،چین اورترکی سےکمیشن کھایا،شیخ رشید


عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ محرم کے بعد عمران خان ملک بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کریں گے۔

سرگودھا میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے قطر، چین اور ترکی سے کمیشن کھایا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فضل الرحمن نام اسلام کا لیتے ہیں لیکن نظریں اسلام آباد کی طرف رکھتے ہیں، دین کی قیادت مولانا فضل الرحمن کے ہاتھ میں ہونا ملک کی بدنصیبی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری فلموں کے ٹکٹ بلیک کرنے والے ہیں جبکہ نواز شریف فوج کی پیداوار ہیں۔


سرگودھا میں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل


پاکستان تحریک انصاف نے ملتان میں جلسے میں اعلان کیا تھا کہ آئندہ جلسہ سرگودھا میں کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو سخت سیکورٹی مں سرگودھا لایا گیا۔

 عمران خان کو جاری کیا جانے والا پاس
عمران خان کو جاری کیا جانے والا پاس

جلسہ گاہ میں بلند قامت اسٹیج پر بنایا گیا ہے جس پر صرف مرکزی قیادت کو جانے کی اجازت دی گئی، 20فٹ اونچا اور 80 فٹ چوڑا اسٹیج پر پہنچنے کے لیے پارٹی کی انتظامیہ نے عمران خان سمیت رہنماؤں کو پاس جاری کئے ہیں۔

عمران خان اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ سے روانہ ہوئے اور سرگودھا ائیر بیس پہنچے ، ائیر بیس سے قافلے کے ہمراہ روانہ ہوئے پنڈال کی جانب روانہ ہوئے، ائیر بیس سے پنڈال کا فاصلہ ڈیڑھ کلو میٹر کا تھا۔

پی ٹی آئی کے ذمہ داران کے مطابق سرگودھا کے جلسے کے لیے اسٹیڈیم میں 35 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ جلسہ گاہ کے داخلی اور خارجی راستوں پر 10 گٹے بنائے گئے ہں ۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024