راہول گاندھی کی عمران خان کے ساتھ بریانی کھانے والی تصویر اصلی ہے؟
بھارت میں الیکشن اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے تاہم جعلی خبریں وائرل کر کے مخالفین اور ان کے حامیوں کو زیر کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
حال ہی میں فیس بک پر کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کی تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ عمران خان کے ساتھ بریانی تناول کرتے نظر آئے۔
2 مئی کو وائرل ہونے والی اس تصویر کے حاشیہ میں ہندی انگریزی زبان میں درج ہے کہ ’دیکھو میاں عمران کے ساتھ کون بیٹھا چکن بریانی کھا رہا ہے؟ اب لوگ دیکھ لیں یہ پپو کی حالت ہے‘۔
تاہم غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے جعلی خبر اور تصاویر کی حقیقت سامنے لاتے ہوئے کہا کہ ’فیس بک پر وائرل ہونے والی تصویر جعلی ہے جس میں یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی کہ نریندر مودی کے سیاسی حریف راہول گاندھی، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ چکن بریانی کے مزے اڑا رہے ہیں‘۔
خیال رہے کہ راہول گاندھی کے سیاسی حریف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حامی انہیں تضحیک آمیز رویے میں ’پپو‘ کہتے ہیں جس کے معنیٰ ’بے قوف اور سادہ لوح‘ ہیں۔
اگر تصویر کو باغور دیکھا جائے تو اس تصویر میں سوفٹ ویئر کے ذریعے رد و بدل کی گئی، اے ایف پی کی جانب سے راہول گاندھی کے ہاتھ کے پاس ایک اور ہاتھ پر دائرہ بنا کر اس رد و بدل کو ظاہر کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تبدیل شدہ تصویر کی اصل تصویر ٹوئٹر پر 5 جولائی 2015 کو پوسٹ کی گئی تھی۔
تصویر میں عمران خان کو اپنی سابقہ اہلیہ ریحام خان کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ ریحام خان کا تھا جہاں پہلی مرتبہ تصویر شیئر کی گئی۔
بعد ازاں اصل تصویر اور ویڈیو کو نجی چینل پر بھی نشر کیا گیا۔
چینل پر نشر ہونے والی ویڈیو کے کیپشن درج ہے کہ ’عمران خان اور ریحام، فیصل واڈا کی رہائش گاہ پر سحری کر رہے ہیں‘۔
دوسری جانب راہول گاندھی کی اصل تصویر بینگالورو میں کینٹین کے افتتاح کے وقت کی ہے جسے بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ میں 17 اگست 2017 کو شائع کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وزیراعظم نریندر مودی، عمران خان کے ساتھ کھانا کھا رہے ہیں، تاہم 'اے ایف پی' اس وقت بھی تصویر کی اصل حقیقت سامنے لایا تھا۔
تبصرے (2) بند ہیں