پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیئرمین رچرڈ مورن مستعفی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور رچرڈ مورن نے اچانک اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
رچرڈ مورن کے استعفے کا نوٹیفکیشن پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر بھی جاری کردیا گیا۔
20 مئی کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں رچرڈ مورن کو ملازمت کے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی پر شوکار نوٹس جاری کیا گیا تھا کہ وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ملازم ہوتے ہوئے اپنی ذاتی کمپنی بھی چلا رہے تھے۔
کینیڈا کی شہر مونٹریال میں واقع کمپنی ’آرچر ویلتھ منیجمنٹ‘ جو خود کو ' آزاد مالیاتی ایڈوائزر' ظاہر کرتی ہے، جبکہ رچرڈ مورن اس کمپنی کے سی ای او اور بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔
مزید پڑھیں: رچرڈ مورن ’پی ایس ایکس‘ کے پہلے غیر ملکی سی ای او
پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز کو دیے گئے جواب میں رچرڈ مورن نے کہا تھا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں عہدہ سنبھالتے ہوئے آرچر ویلتھ منیجمنٹ میں اپنی دلچسپی پہلے ہی ظاہر کردی تھی۔
آج ( بروز منگل ) پی ایس ایکس بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا تھا، اس دوران رچرڈ مورن نے اپنا استعفیٰ پیش کیا جسے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے منظور کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق رچرڈ مورن اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج بورڈ کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے اور بورڈ آف ڈائریکٹر نے منیجنگ ڈائریکٹر سے متعلق خط سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو ارسال کیا تھا۔
خط میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اپنے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ رچرڈ مورن بیرون ملک ایک کمپنی بھی چلارہے تھے۔
رچرڈ مورن نے اسٹاک ایکسچینج کے پہلے غیر ملکی سی ای او کے طور پر جنوری 2018 میں عہدے کا چارج سنبھالا تھا جبکہ وہ بطور مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) پی ایس ایکس بھی کام کر رہے تھے۔
رچرڈ مورن کون ہیں؟
رچرڈ مورن نے 1982 میں یونیورسٹی آف مونٹریال سے اکنامکس میں بیچلزر اور 1988 میں میک گیل یونیورسٹی سے بزنس ایڈمنسٹریش میں ماسٹرز کیا تھا۔
انہوں نے 1984 میں ' کینیڈین سیکیوریٹیز کورس' اور 2000 میں کینیڈیں سیکیوریٹز انسٹیٹیوٹ سے ' پارٹنرز، ڈائریکٹرز اور آفیسرز ' کا امتحان بھی پاس کیا تھا۔
حال ہی میں انہوں نے ' چیف کمپلائنس آفیسر' کا امتحان پاس کیا ہے۔
رچرڈ مورن شیر بروک یونیورسٹی میں لیکچرار بھی رہے جہاں انہوں نے ' گریجویٹ فنانس پروگرام ' کے تحت کیپٹل مارکیٹ اسٹرکچر کا مضمون پڑھایا تھا۔
مونٹریال ایکسچینج میں 1984 سے 1995 کے دوران وہ وائس پریذیڈنٹ، ڈیریویٹوز پروڈکٹس، ڈائریکٹر مارکیٹ کوالٹی ، ڈائریکٹر مارکیٹ ڈیولپمنٹ اور لسٹنگ آفیسر کے عہدوں پر رہے۔
انہوں نے دو سال تک موریشس کے اسٹاک ایکسچینج کی سربراہی کی، وہ اسٹریٹیجک پلان ترتیب دینے کے لیے 1998 سے 1999 تک مغربی افریقا کی ریجنل اسٹاک کے چیف آف مشن کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔
وہ 1999 سے 2001 تک نیشنل بینک سیکیوریٹیز کے وائس پریذیڈنٹ بھی رہے جہاں وہ 5 ارب ڈالر کے اثاثوں کے انتظامات سنبھالتے تھے۔
2002 میں وہ لینڈری مورن کمپنی کے شریک بانی بنے جو نجی اور اداروں کے صارفین کو سرمایہ کاری سے متعلق خدمات فراہم کرتی ہے۔
رچرڈ مورن 2013 سے 2015 تک انویسٹمنٹ انڈسٹری ایسوسی ایشن آف کینیڈا (آئی آئی اے سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔
2015 میں انہوں نے آرچر ویلتھ منیجمنٹ قائم کی تھی اور اس کے سی ای او اور سی سی او کے فرائض سرانجام دیے۔