• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کراچی سے انسانی حقوق کے صوبائی سیکریٹری لاپتہ

شائع January 11, 2020
ڈاکٹر بدر جمیل میندھرو کو مبینہ کرپشن کے مقدمے کا سامنا ہے— فوٹو: ڈان نیوز
ڈاکٹر بدر جمیل میندھرو کو مبینہ کرپشن کے مقدمے کا سامنا ہے— فوٹو: ڈان نیوز

کراچی سے صوبائی سیکریٹری برائے انسانی حقوق ڈاکٹر بدر جمیل میندھرو لاپتہ ہوگئے۔

ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل نے ڈان کو بتایا کہ ڈاکٹر بدر جمیل میندھرو کے اہل خانہ کے مطابق سینئر بیوروکریٹ کلفٹن میں اپنی رہائش گاہ سے سندھ سیکریٹریٹ میں اپنے دفتر کے لیے روانہ ہوئے لیکن وہ گھر واپس نہیں آئے۔

انہوں نے بتایا کہ جب ہفتے کے روز پولیس کو ڈاکٹر بدر جمیل کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی تو اس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انہیں تلاش کرنے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق آج صبح 4 بجے کے قریب آخری مرتبہ ناظم آباد کے علاقے میں ڈاکٹر بدر جمیل کی موجودگی کا پتہ چلا، تاہم اس کے بعد سے ان کا موبائل فون بند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈیفنس میں گھر کے باہر سے نوجوان لڑکی اغوا

سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ وہ اس معاملے میں مزید کارروائی کے لیے اہل خانہ کی جانب سے باضابطہ طور پر رپورٹ درج کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر بدر جمیل میندھرو 21 گریڈ کے افسر ہیں اور مبینہ کرپشن کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں۔

صوبائی سیکریٹری کے لاپتہ ہونے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور آئی جی پولیس نے نوٹس لے لیا ہے۔

سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ اور چیئرمین انسداد کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) سے ڈاکٹر بدر جمیل کی گمشدگی سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

مزید پڑھیں: ایس پی طاہر خان داوڑ کا اغوا، قتل: وزیراعظم کا معاملے کی تحقیقات کا حکم

انہوں نے کہا کہ 'اگر انہیں اغوا کر لیا گیا ہے تو ان کی بازیابی کے لیے ٹھوس کوششیں کی جائیں'۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر کسی ادارے نے سیکریٹری کو حراست میں لیا ہے تو ان کی گرفتاری ظاہر کی جائے۔

اس ضمن میں وزیر اعلی کے ایک ذرائع نے بتایا کہ اے سی ای نے سید مراد علی شاہ کو اپنی رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ انہوں نے صوبائی سیکریٹری کو گرفتار نہیں کیا۔

دوسری جانب آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے تین زونز کے ڈی آئی جیز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کے بعد فوری طور پر رپورٹ پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بچوں کا اغوا:پشاور سے سابق پولیس افسر کی اہلیہ گرفتار

سید کلیم امام نے ڈی آئی جی 'سی آئی اے' سے بھی مذکورہ معاملے کو خصوصی طور پر دیکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے ڈاکٹر بدر جمیل کی تلاش میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر بدر جمیل کو ترقیاتی اسکیموں کے فنڈز میں غبن کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔

اس وقت صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر بدر جمیل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ہیں۔

اے سی ای کے عہدیداروں کے مطابق حال ہی میں صوبائی سیکریٹری نے ضمانت اقبل از گرفتاری حاصل کر لی تھی۔

مزید پڑھیں: پشاور: نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سی ٹی ڈی کا ڈی ایس پی شہید

نیب کے ایک ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر بدر جمیل کو ماضی میں محکمہ اقلیت میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں نیب گرفتار کر چکی ہے۔

تاہم نیب ذرائع نے بتایا کہ جب نیب نے ڈاکٹر بدر جمیل کے خلاف ریفرنس دائر کیا تو انہوں نے فوجداری ضابطہ اخلاق کی دفعہ کے 265 کے تحت احتساب عدالت کے روبرو درخواست دائر کی اور کہا کہ اس طرح کی غیر قانونی بھرتیوں میں ان کا کوئی عمل دخل نہیں، بعد ازاں عدالت نے انہیں بری کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024