• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عالمی یوم نسواں: وزیراعظم و دیگر اعلیٰ سیاسی، عسکری قیادت کے پیغامات

یوم نسواں کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سمیت متعدد سیاسی و سماجی رہنماؤں نے اپنے پیغامات جاری کیے — فائل فوٹو:اے ایف پی
یوم نسواں کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان سمیت متعدد سیاسی و سماجی رہنماؤں نے اپنے پیغامات جاری کیے — فائل فوٹو:اے ایف پی

عالمی یوم نسواں کے موقع پر آج (8 مارچ) کو وزیراعظم عمران خان سمیت ملک کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے اپنے پیغامات میں پاکستان میں خواتین کو برابری کے حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی کوششوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

'ویمن ڈے' کی مناسبت سے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج کے دن کو منانے کا مقصد خواتین کو برابری کی حقوق اور مواقع دینے کی کوششوں کی حوالے سے کیے جانے والے ہمارے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حوالے سے ہمیں مذہبی تعلیمات، اسوۃ حسنہ اور ہمارے معاشرے کی اقدار کو مد نظر رکھنا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دیکھنا حوصلہ افزا ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں خواتین اپنا حصہ ڈال رہی ہیں اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ’عورت مارچ’ رکوانے کی درخواست خارج کردی

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ ملک میں خواتین کو مساوی مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرکے ہی جامع اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اس دن کی مناسبت سے میں اپنے عہد کی توثیق کرتا ہوں کہ خواتین کو ایک محفوظ اور خوشحال زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے'۔

خواتین نے تحریک پاکستان میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا، شہباز شریف

بعد ازاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے خواتین کے عالمی دن پر اپنے جاری پیغام میں کہا کہ خواتین کے بغیر زندگی نامکمل اور تصویر کائنات بے رنگ ہے، ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کی صورت میں خواتین کی موجودگی سے ہی انسانی رشتے ناطے وجود میں آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے عورت کو ماں کی صورت اپنے تعارف کا ذریعہ بنایا ہے جس سے بڑا مقام، احترام، تعارف اور عزت اور نہیں ہوسکتی، اسلام نے عورت کو بے پناہ عزت اور حقوق عطا کئے ہیں، ماں کے قدموں کے نیچے جنت رکھ کر اللہ تعالی نے عورت کے مقام اور احترام کو واضح کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: آئین و قانون کے مطابق ’عورت مارچ‘ کو روکا نہیں جا سکتا، عدالت

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حضرت محمد ﷺ نے خواتین کی عزت و احترام کا ہمیں بہترین نمونہ اور رہنمائی عطا فرمائی ہے جبکہ امہات المومنین، حضرت فاطمہ الزہرا اور اہل بیت اطہار ہمارے لیے رہنمائی کی بہترین مثالیں ہیں۔

انہوں نے یاد دہائی کروائی کہ خواتین نے تحریک پاکستان میں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کے ہمراہ خواتین کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے جبکہ الحمداللہ آج ہماری خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دفاع سے تجارت، تعلیم و طب سے لے کر سائنس و ٹیکنالوجی اور صحافت تک ہر شعبے میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہے جبکہ عورت کی تعلیم، اچھی صحت اور معاشی طور پر بااختیار ہونا کسی بھی معاشرے کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔

ہمیں بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، آرمی چیف

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے اپنے بیان میں خواتین کو خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ ‘پاکستان کی تمام خواتین کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نےہمارے معاشرے کے ہر شعبے میں قوم کی تعمیر کے لیے کلیدی کردار ادا کیا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہماری بہادر مائیں، بہنیں، بیٹیاں اور خاص کر ہمارے شہدا کے خاندانوں اور مسلح افواج میں خدمات انجام دینے والی خواتین ہماری قوم کا فخر ہیں’۔

ترقی پسند معاشرے کیلئے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے، اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

دوسری جانب خواتین کے عالمی دن کے موقع پر قومی اسمبلی کے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر نے اپنے جاری پیغام میں کہا کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے خواتین کی بے حرمتی اور ان پر جبر و تشدد روز مرہ کا معمول بن چکا ہے، جہاں گزشتہ 117 دنوں سے جاری لاک ڈاؤن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مقبوضہ وادی میں خواتین ضعیف، بچے اور بیمار افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کو بند کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: عورت مارچ: چینلز کو 'قابل اعتراض مواد' نشر کرنے سے متعلق پیمرا کا انتباہ

خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرکے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت آبادی کے اس بڑے حصے کے حقوق کے تحفظ اور انہیں محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرُ عزم ہے۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین خواتین کو جانی اور مالی تحفظ فراہم کرنے کا کہتا ہے، آئین خواتین کو کام، کاروبار، تعلیم اور آزادی کے ساتھ پیشے کے انتخاب اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ضمانت دیتا ہے۔

قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو مصائب کا سامنا ہے اور انہوں نے ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

خواتین کی شرکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں، فریال تالپور

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کی شرکت کے بغیر دنیا کو ترقی کی بلندی ملنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو پیچھے رکھنا کوئی نظریہ نہیں بلکہ استحصال ہے، پاکستان میں ہر جگہ خواتین کی شراکت کے لیے جدوجہد اور انقلابی اقدام اٹھانا پیپلز پارٹی کی پہچان ہے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ شہید بھٹو کا پیش کردہ قوم کا متفقہ آئین خواتین کو مساوی حیثیت دیتا ہے، آج ملک میں ہر سطح پر خواتین کا بڑھتا ہوا کردار محترمہ شہید کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا ثمر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گھریلو تشدد، کم سنی میں شادی اور غیرت کے نام پر قتل جیسے جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہیں، سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ویمن مارچ کی دوٹوک حمایت خواتین کے لیے باعث حوصلہ ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ آج عہد کریں، ہم پاکستان میں ہر سطح پر خواتین کی جامع شرکت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مرکزی ترجمان پی پی پی سنیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو حقوق دیے بنا کوئی معاشرہ ترقی کر ہی نہیں سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خواتین بہادر ہیں، انہیں حقوق کی جدوجہد سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی، ہمیں فخر ہے کہ پاکستان کی جمہوری تحریکوں کی قیادت خواتین نے کی۔

مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم بن کر خواتین کے حقوق کی راہ متعین کر دی تھی، پاکستان کی ہر بیٹی بینظیر ہے وہ آگے بڑھ کر اعلی ترین عہدے تک پہنچ سکتی ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے پیغام میں کہا کہ پی پی پی کی طرف سے تمام خواتیں کو عالمی دن مبارک ہو ، ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمیں بلاول بھٹو زرداری واحد لیڈر ہیں جو خواتین کے حقوق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مطابق دنیا کے کسی ملک میں بھی عورتوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق نہیں ملے ہیں اسی طرح ہمارے ملک میں خواتین دیگر ممالک سے بنیادی حقوق کے حوالے سے بہت پیچھے ہیں، خواتین کو بنیادی حقوق دےکر ان کی حفاظت کرنی چاہیے۔

نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ نام نہاد رہنما آج عورت کی آواز کو دبا رہے ہیں جو افسوس ناک عمل ہے انتہا پسند سوچ کے مالک پروپیگنڈا کرکے عورت کے حوصلے کو پست کرنا چاہتے ہیں جو ہم کبھی نہیں کرنے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج سلیکٹڈ حکومت خواتین کے مارچ کی مخالفت کررہی ہے، آج اگر عورتیں سیمینار، مارچ اور اس دن کو منارہی ہیں تو اس میں کون سی غلط بات ہے ہمیں ہرسطح پر ہمت افزائی کرنی چاہیے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ دنیا میں کوئی معاشرہ خواتین کو حقوق دیے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین چاہے ماں ہوں، بیٹی، بیوی یا بہن ہوں ہر روپ میں قابل احترام میں ہیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ خواتین نے ہر کردار میں معاشرے اور قوم کی تعمیر کی ہے، آج خواتین کے حقوق کے عالمی علم بردار ممالک پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، یہ پاکستان کے باشعور عوام تھے جس نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم چنا۔

خواتین دنیا بھر میں اپنے حقوق کے لیے کوشاں ہیں، خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ پوری دنیا میں خواتین اپنے حقوق کے لیے کوشاں ہیں اور یہ جدوجہد پاکستان میں بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وطن عزیز میں بھی خواتین کو ان کے جائز حقوق میسر نہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان نے اپنی پانچ دہائیوں پر محیط جدوجہد میں اس حوالے سے نمایاں کام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے پارلیمانی سیاست میں گھریلو تحفظ اورحقوق نسواں بل متعارف کروا کے خواتین کوان کے جائز حقوق دلوانے کی کوشش کی۔

خواتین پاکستان کی بہتری کے لیے کام کررہی ہیں، وفاقی وزیر قانون

وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نےخواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین نئی نسل کو پروان چڑھا نے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بہتر ی کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کی حیثیت معاشرے میں ایک اثاثے کی سی ہے، ماں، بہن، بیٹی ہونے سے لے کر ڈاکٹر، انجینئر، استاد اور ہر شعبہ زندگی میں عورت کا کردار ہے اور عورت نے ثابت کیا ہے کہ وہ ہر کام کر سکتی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ خواتین کو یکساں مواقع فراہم کریں تاکہ وہ تبدیلی لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کیے جانے سے بچانے کے لیے ماحول پیدا کرنا ہماری ذمہ داری ہے، انفورسمینٹ آف ویمینز پراپرٹی رایئٹس ایکٹ خواتین کو ان کے حقوق دلوانے کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب خواتین کو جائیداد میں ان کے قانونی اور شرعی حق سے کوئی محروم نہیں کر سکے گا، مالی طور پر خودمختار عورت تشدد اور استحصال سے بچنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

خواتین کے کردار کے تہہ دل سے معترف ہیں، چیف آرگنائزر تحریک انصاف

عالمی یوم نسواں کے موقع پر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ملک و سماج میں خواتین کے کردار کے تہہ دل سے معترف اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، قومی سطح تک ہماری خواتین مرکزی کردار و حیثیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان سے تعمیر پاکستان تک، قومی تاریخ کے ہر مرحلے میں ہماری خواتین نے بے مثال خدمات سرانجام دیں۔

یہ بھی پڑھیں: جامعہ حفصہ کی طالبات نے عورت مارچ سے متعلق وال چاکنگ کی ’ذمہ داری قبول‘ کرلی

چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی 24 سالہ سیاسی جدوجہد میں بھی خواتین ہراول دستے کے طور پر پیش پیش رہیں۔

سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ خواتین کو ان کے حقیقی مقام پر فائز کرنے کے لیے سماجی سطح پر اقدامات کو ناگزیر سمجھتے ہیں جبکہ خواتین کی بہترین فلاح و بہبود اور انہیں ان کے حقیقی مقام پر فائز کرنا ہمارے منشور کا کلیدی جزو ہے۔

عالمی یوم نسواں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں 8 مارچ کی مناسبت سے مختلف تقریبات و مظاہروں کا انعقاد کیا گیا ہے اور دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن ’میں مساوات پر یقین رکھنے والی نسل ہوں اور مجھے خواتین کے حقوق کا ادراک ہے‘ کے عزم کے اظہار کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

’یوم خواتین‘ منانے کا آغاز ایک صدی سے زائد عرصے سے قبل 1909 میں امریکا سے اس وقت شروع ہوا تھا جب خواتین نے پہلی بار فیکٹریوں میں ملازمت کے لیے اپنی تنخواہیں بڑھانے اور وقت کی میعاد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس سے قبل خواتین کو ملازمتوں کے دوران کم اجرت دیے جانے سمیت ان سے زیادہ دیر تک کام کروایا جاتا تھا۔

خواتین اس تفریق کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئیں اور جلد ہی انہوں نے اپنے مطالبات تسلیم کروالیے تاہم خواتین کی جانب سے حقوق کے لیے جدوجہد ختم ہونے کے بجائے بڑھتی چلی گئی اور آنے والے سال میں خواتین نے اپنے ساتھ ہونے والی دیگر ناانصافیوں پر بھی آواز اٹھانا شروع کی۔

جلد ہی امریکا سے لے کر یورپ اور پھر ایشیا اور افریقہ جیسے خطے میں خواتین کے مظاہرے ہونے لگے اور خواتین کی تنظیمیں اور دیگر ایکشن فورم تشکیل پانے لگے اور ان ہی پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے خواتین نے دنیا کو اپنی اہمیت و حیثیت سے آگاہ کیا۔

کئی سال کی محنت اور مظاہروں کے بعد 1977 میں اقوام متحدہ (یو این) نے 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا اور تب سے ہر سال اسی دن پر دنیا کے تقریبا تمام ممالک میں خواتین مختلف تقریبات، سیمینارز اور مظاہروں کا انعقاد کرتی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024