• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

کورونا وائرس: ملک میں 149 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 645 ہوگئی

کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر میں ماسک کا استعمال بھی شامل ہے —فائل فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر میں ماسک کا استعمال بھی شامل ہے —فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کو متاثر کرنے والا کورونا وائرس اب پاکستان میں بھی کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی ہے۔

ملک میں آج (بروز ہفتہ) تصدیق ہونے والے کیسز میں صوبہ سندھ سے 39، پنجاب سے 56، بلوچستان سے 12، خیبرپختونخوا سے 8 جبکہ گلگت بلستان سے 34 نئے کیسز شامل ہیں۔

اس طرح اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک یہ 645 ہوگئی ہے، جس میں سندھ کے 292، پنجاب کے 152، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 31، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 55 اور ایک آزاد کشمیر کا ایک کیس شامل ہے۔

سندھ

صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں ہفتہ کے روز ابتدائی طور پر مزید 105 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس حوالے سے محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ صوبے میں مزید 15 کیسز سامنے آئے۔

بعد ازاں محکمہ صحت سندھ کی ترجمان نے صوبے میں مزید نئے 90 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں تعداد 357 تک جاپہنچی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران سے واپسی آنے والے زائرین میں نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور ان تمام افراد کو سکھر میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

چند گھنٹے بعد انہوں نے مزید 2 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں تعداد 359 تک پہنچ گئی ہے۔

بعد ازاں سکھر میں تفتان سے آنے والے مزید 36 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سندھ میں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 396 ہوگئی۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کے مطابق ہفتہ کے روز کراچی میں 3 اور سکھر میں 125 کیسز سامنے آئے۔

سندھ کے اعداد و شمار میں تصحیح

رات گئے سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز کے اعداد و شمار میں تصحیح کے بعد کہا ہے کہ یہ تعداد 396 نہیں بلکہ 292 ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان نے اعداد و شمار میں اس تبدیلی کو 'حساب کی غلطی' قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ کے روز ایران سے آنے والے مزید 36 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کراچی میں 3 کیسز سامنے آئے۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں بھی مزید 41 کیسز سامنے آنے سے صوبے میں متاثرین کی تعداد 137 تک جا پہنچی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ صوبے میں 41 افراد میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

ان نئے کیسز کے بعد صوبے میں اس عالمی وبا کے مریضوں کی تعداد ملک میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ ہوگئی۔

بعد ازاں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ و کورونا مانیٹرنگ روم کے ترجمان نے صوبے میں مزید 15 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تعداد 152 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 120 زائرین، لاہور میں 21 ، ملتان اور راولپنڈی میں ایک ایک، گجرات میں 3، جہلم میں 2 اور گوجرانوالہ میں 4 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

بلوچستان

دوسری جانب بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 12 نئے کیسز سامنے آگئے۔

اس حوالے سے بلوچستان کے چیف سیکریٹری فاضل اصغر نے صوبے میں ان نئے کیسز کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک 104 افراد میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے فوکل پرسن اجمل وزیر نے پہلے تصدیق کی کہ صوبے میں 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں مریض بیرون ملک سے آئے تھے اور ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، تاہم ان دونوں مریض پولیس سروسز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

بعد ازاں خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت نے صوبے میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی۔

ایک بیان میں صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ خیبرپختونخوا میں مزید 2 افراد میں کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 27 ہوگئی۔

چند گھنٹے بعد محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی جانب سے ہفتہ کے روز سامنے آنے والے کیسز کی تفصیلات جاری کی گئیں جس میں مزید 4 کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی۔

اس طرح صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 31 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

علاوہ ازیں سرکاری ویب کے اعداد و شمار میں گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 9 کیسز رپورٹ ہونے کے بارے میں بتایا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: اٹلی میں اموات 4 ہزار سے تجاوز، مزید امریکی ریاستوں میں لاک ڈاؤن

بعد ازاں سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار میں مزید 25 کیسز کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 55 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے اس مہلک کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے اور اب تک 11 ہزار سے زائد افراد اس عالمی وبا سے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اگرچہ اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ابھی تک چین میں سب سے زیادہ ہے لیکن اس سے اموات کی تعداد میں یورپ خاص طور اٹلی سب سے آگے نکل چکا ہے اور وہاں اس سے 4 ہزار سے زائد لوگ مرچکے ہیں۔

پاکستان میں یہ وائرس فروری کے آخر میں آیا اور اب تک ملک میں خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔


پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز پر ایک نظر

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی، 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔

  • 12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔

  • 13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی۔

  • 14 مارچ کو سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی۔

  • 15 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور میں ایک ایک، کراچی میں 5، سکھر میں 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد کیسز کی تعداد 53 ہوگئی تھی۔

  • 16 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور سندھ میں تعداد 35 سے بڑھ کر 150 جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک جا پہنچی تھی۔

  • 17مارچ کو ملک کے چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 237 تک پہنچ گئی تھی۔

  • 18 مارچ کو پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت خیبرپختونخوا میں سامنے آئی جبکہ کچھ ہی دیر بعد ہی عالمی وبا سے دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی، اس کے علاوہ اسی روز صوبے میں مزید 64 کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 301 تک ہوگئی تھی۔

  • 19 مارچ کو بھی کورونا وائرس کے مزید کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 152 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اس روز تعداد 448 تک جاپہنچی۔

  • مارچ کی 20 تاریخ کو اس عالمی وبا سے کراچی میں پہلی ہلاکت سامنے آئی، جس کے بعد ملک میں مجموعی ہلاکتیں 3 ہوگئی جبکہ اسی روز نئے مریضوں کے سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 495 تک ہوگئی۔

نوٹ: سندھ حکومت نے ہفتہ کو سکھر اور کراچی میں کیسز کے اضافے کے بعد تعداد 396 بتائی تھی جس میں تصحیح سامنے آئی اور اب یہ تعداد 292 ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024