• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کورونا وائرس: ملک میں مزید 48 اموات، متاثرین کی تعداد 25 ہزار کے قریب

شائع May 7, 2020 اپ ڈیٹ May 8, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد 
 میں مئی میں زیادہ تیزی سے اضافہ  دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں مئی میں زیادہ تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑدیے ہیں اور یہاں متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

اب تک ملک میں مجموعی طور پر 24 ہزار 954 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 593 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

26 فروری کو ملک میں پہلا کورونا وائرس کا کیس رپورٹ ہوا تو ساتھ ہی تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مختلف اقدامات اٹھائے گئے جو بعد ازاں لاک ڈاؤن کی صورت میں تبدیل کردیے۔

تاہم اس کے باوجود ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم نہیں ہوا اور مارچ اور اپریل کے مقابلے میں رواں ماہ کے آغاز سے ہی ایک نئی لہر دیکھنے میں آرہی ہے۔

اگرچہ فروری کے آخر اور مارچ کے مہینے میں ملک میں کیسز کی تعداد 2 ہزار تھی لیکن اپریل کے آخر تک یہی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئی تھی۔

تاہم مئی کے آغاز سے ہی یومیہ تقریباً 1000 سے زائد کیسز اور 20 سے زائد اموات دیکھنے میں آرہی ہیں۔

گزشتہ روز بھی اب تک کے سب سے زیادہ 1432 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ایک روز میں 31 اموات بھی ہوئیں۔

آج (7 مئی) کو بھی ملک میں نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 453 کیسز اور 14 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 453 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 9093 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 24 گھنٹوں میں 14 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس کے بعد مجموعی اموات 171 تک پہنچ گئی ہیں۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 502 کیسز اور ریکارڈ 26 اموات سامنے آئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 9195 تک پہنچ گئی۔

ان افراد کی تفصیل بتاتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ زائرین سینٹرز سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1926 افراد، 86 قیدی جبکہ 6415 عام شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے صوبے میں مزید 26 اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اب تک پنجاب میں کورونا وائرس سے وفات پانے والوں کی تعداد 182 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 36 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے ان نئے مریضوں کے بعد متاثرین 485 سے بڑھ کر 521 تک پہنچ گئے ہیں۔

یہاں یہ بھی مدنظر رہے کہ اسلام آباد میں کیسز میں اچانک اضافے کے بعد سیکٹر آئی-10 کے 2 رہائشی علاقوں اور ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر کو بھی سیل کردیا تھا۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے 244 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3956 ہوگئی۔

وبا سے پشاور، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں مزید 6 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 209 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں بھی کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 2 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے۔

جس کے بعد وہاں کورونا وبا کے متاثرہ افراد کی تعداد 386 سے بڑھ کر 388 ہوگئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کے ترجمان وسیم بیگ نے کورونا وائرس کے 66 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1725 ہوگئی۔

انہوں نے مزید 2 اموات کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں کورونا سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 24 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں وائرس کے 209 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

صحتیاب افراد

تاہم اس کیسز میں اضافے کے باوجود متاثرین کے لیے ایک امید کی کرن لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا بھی ہے۔

اگرچہ مریضوں کی تعداد میں سیکڑوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن صحتیاب افراد کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 247 افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر اس وبا سے شفا پانے والوں کی تعداد 6217 سے بڑھ کر 6464 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت 24648 لوگوں میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جس میں سے 6464 صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ 585 کا انتقال ہوا ہے، اس طرح اب تک ملک میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 17599 ہیں۔

پنجاب میں اس وقت 9195، سندھ میں 9093 لوگ وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 3956 جبکہ بلوچستان میں 1725 ہے۔

اسی طرح اسلام آباد میں 521، گلگت بلتستان میں 388 اور آزاد کشمیر میں سب سے کم 76 لوگ اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

اموات کے حساب سے سب سے زیادہ متاثر خیبرپختونخوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 209

  • سندھ: 171

  • پنجاب: 182

  • بلوچستان: 24

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 23 ہزار سے زائد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024