• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

ملک میں کورونا وائرس سے مزید ایک ہزار 497 افراد متاثر، اموات ایک ہزار 210 ہوگئیں

شائع May 26, 2020 اپ ڈیٹ May 27, 2020
اب تک 18 ہزار 314 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے— تصویر: اے ایف پی
اب تک 18 ہزار 314 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے— تصویر: اے ایف پی

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ روز بروز تیز ہوتا جا رہا ہے اور آج سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید 1497 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں اس وبا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 58 ہزار 525 تک جا پہنچی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 577، سندھ میں 573، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 87، خیبر پختونخوا میں 179، بلوچستان میں 68، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں مزید 2 کیسز سامنے آئے۔

اس کے علاوہ مزید 30 مریضوں کے زندگی کی بازی ہار جانے سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 210 ہوگئی جبکہ اب تک 18 ہزار 314 افراد اس بیماری سے شفایاب ہونے میں کامیاب رہے۔

یادرہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سے اس وبا کو آج 3 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے۔

اس عرصے میں وبا کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوا خصوصاً مارچ تک صورتحال خاصی قابو میں دکھائی دے رہی تھی تاہم اپریل سے اس میں تیزی آئی اور اب روزانہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز سامنے آتے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز پر نظر دوڑائی جائے تو فروری اور مارچ کے آخر تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں۔

یہاں یہ مدنظر رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت 18 مارچ کو رپورٹ ہوئی تھی۔

اپریل کے آغاز میں وائرس کے کیسز میں خاصی تیزی آئی اور یہ مہینے کے آخر تک تقریباً 2 ہزار سے بڑھ کر ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی دوران اموات بھی 385 تک پہنچ گئیں۔

تاہم رواں ماہ مئی اس وائرس کے لیے اب تک سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہورہا ہے اور اس دوران کووِڈ19 کے کیسز میں دگنا اضافہ دیکھا گیا اور کیسز میں 41 ہزار جبکہ اموات میں 817 کا اضافہ ہوا۔

آج (26 مئی) کو اب تک پاکستان میں کورونا وبا کے ایک ہزار 250 کیسز اور 22 اموات سامنے آئیں جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں 832 کا اضافہ ہوا۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے 577 نئے کیسز سامنے آئے یوں صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد20 ہزار 654 ہوگئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 15 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی کُل تعداد 352 تک جا پہنچی ہے۔

صوبے میں وائرس کی تشخیص کےلیے مجموعی طور پر 2 لاکھ 9 ہزار 270 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اس وبائی بیماری سے اب تک 6 ہزار 124 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 573 کیسز سامنے آگئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 مریضوں کا انتقال ہوا۔

صوبے میں سامنے آنے کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عید کے دن کے حساب سے ٹیسٹ بڑھائے گئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 327 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 573 مثبت آئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک لاکھ 61 ہزار 628 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 23 ہزار 507 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 5 مریض زندگی کی بازی ہار گئے اس طرح سندھ میں اب تک انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 374 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وبائی بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد میں کل سے بھی زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔

ملک میں کووِڈ 19 کے کسیز، اموات اور دیگر تفصیلات کے لیے تشکیل دی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 87 افراد وائرس کا شکار بنے جبکہ ایک ہلاکت سامنے آئی۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک مجموعی طور پر ایک ہزار 728 افراد وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 17 ہے، اسی طرح 157 افراد صحتیابی سے ہمکنار ہوئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 179 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 8259 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 8 افراد وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جن میں سے 4 کی سوات، 2 کی پشاور جبکہ ایک، ایک کی مالاکنڈ اور باجوڑ میں موت واقع ہوئے۔

اس اضافے کے بعد خیبر پختونخوا میں وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 416 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحٹ بلوچستان نے کورونا وائرس کے مزید 68 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 3536 ہوگئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 2339 ہے جبکہ 1156 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

دوسری جانب گلگت بلتستان میں بھی مزید 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق جبکہ ایک فرد کی موت ہوئی۔

اس طرح یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 630 تک جا پہنچی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 8 ہے۔

سرکاری ویب سائٹ پر بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق وبا سے اب تک 444 افراد صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں کووِڈ 19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد مزید 2 کیسز کے بعد 211 ہوگئی ہے۔

حکومتی سطح پر بتائے گئے اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں اموات کی تعداد اب تک ملک کے تمام علاقوں کے مقابلے کم یعنی 2 ہے۔

علاوہ ازیں اس وبائی بیماری سے شفا یاب ہونے والوں کی تعداد 99 تک پہنچ گئی ہے۔

صحتیاب افراد

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 832افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 17 ہزار 482 سے بڑھ کر 18 ہزار 314 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو اس وقت 58 ہزار 525 مصدقہ کیسز ہیں جس میں سے ایک ہزار 210 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 18 ہزار 314 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 39 ہزار ایک فعال کیسز ہیں۔

سندھ میں سب سے زیادہ 23 ہزار 507 مصدقہ کیسز ہیں جبکہ پنجاب میں 20 ہزار 654 مریض ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 259 متاثرین ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 536 تک پہنچ چکی ہے۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا سے متاثرہ افراد کی تعدادایک ہزار 728 ہے جبکہ گلگت بلتستان میں 630 اور آزاد کشمیر میں 211 لوگ اس وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

خیبرپختونخوا: 416

سندھ: 374

پنجاب: 352

بلوچستان: 41

اسلام آباد: 17

گلگت بلتستان: 08

آزاد کشمیر: 02

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 58 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1200 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024